چند افراد کے علاوہ دوسرے اداکاروں کو کاسٹ ہی نہیں کیا جاتا، رائما خان
مقبول ڈرامے ’کابلی پلاؤ‘ میں ’چھمو‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ رائما خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں چند معروف اداکاروں کے علاوہ دوسرے اداکاروں کو کاسٹ ہی نہیں کیا جاتا۔
رائما خان کی طویل عرصے بعد چھوٹی اسکرین پر واپس ہوئی ہے اور ان کے کردار ’چھمو‘ کو سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے ڈرامے میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جن کے ہاں شادی کے کئی سال گزر جانے کے باوجود اولاد نہیں ہوتی اور ساتھ ہی وہ اپنے شوہر کی سختیاں اور سماج کے طعنے بھی برداشت کرتی ہے۔
ان کے کردار کو کافی سراہا جا رہا ہے اور انہوں نے خود ایک تازہ انٹرویو میں بھی بتایا کہ شائقین انہیں سوشل میڈیا پر میسیجز کرکے بتا رہے ہیں کہ وہ کس قدر ان کے کردار کو اپنی زندگی سے جوڑ رہے ہیں اور کئی خواتین کو ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے ان کا کردار پیش کیا جا رہا ہو۔
نشریاتی ادارے ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ سے بات کرتے ہوئے رائما خان نے کہا کہ سماج میں بھی ایسی شادی شدہ خواتین کو طعنوں سمیت دیگر مسائل کا سامنا رہتا ہے جن کے ہاں اولاد نہیں ہوتی۔
ان کے مطابق شادی کے بعد اولاد نہ ہونے پر خواتین کو اپنے ہی خاندان کی عورتوں کی جانب سے بھی سخت جملے برداشت کرنے پڑتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے ’کابلی پلاؤ‘ میں ان کے کردار کے ذریعے یہی بات سمجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اولاد کا ہونا یا نہ ہونا کسی کے اپنے ہاتھ میں نہیں اور ایسی باتوں میں طعنے برداشت کرنے والی خواتین کے پاس خاموشی اختیار کرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہوتا۔
دوران انٹرویو انہوں نے دوسرے معاملات پر بھی بات کی اور بتایا کہ ان کے نام کے پیچھے ’خان‘ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر لوگ انہیں پٹھان سمجھتے ہیں جب کہ وہ خالصتا پنجابی ہیں۔
ان کے مطابق ان کے خاندان میں سے کوئی بھی شخص شوبز سے وابستہ نہیں، ان کی والدہ نے ’کابلی پلاؤ‘ کے ایک سین میں ان پر شوہر کا تشدد دیکھا تو انہیں فون کرکے پوچھا کہ وہ شخص تمہیں کیوں مار رہا تھا؟
رائما خان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ بہت سادہ ہیں، انہوں نے انہیں بتایا کہ وہ حقیقت میں انہیں نہیں مار رہے تھے بلکہ وہ ایک شوٹنگ کا سین تھا۔
اسی طرح ایک سوال کے جواب میں رائما خان نے کہا کہ وہ اسکرین پر اس لیے کم نظر آتی ہیں کہ کوئی انہیں کاسٹ ہی نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں جب بھی شوبز میں اچھا کام کرنا ہوتا ہے تو وہ ہدایت کار کاشف نثار کو فون کرکے کہتی ہیں کہ انہیں کاسٹ کیا جائے۔
انہوں نے مزید شکوہ کیا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں صرف چند اداکاروں کو ہی کاسٹ کیا جاتا ہے۔
رائما خان نے دلیل دی کہ ٹی وی اسکرین پر چند لوگ ہی کام کرتے دکھائی دیتے ہیں اور انہیں ہی کاسٹ کیا جاتا ہے، نئے لوگوں یا پھر ان افراد کو کاسٹ نہیں کیا جاتا جنہوں نے تھوڑا سا کام کیا ہوتا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ انہیں فواد خان کے ساتھ کام کرنا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کو التجا کی کہ وہ انہیں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے کاسٹ کریں۔