• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

انتخابات کی نگرانی کیلئے غیر ملکی مبصرین کو مدعو کیا جائے، الیکشن کمیشن کا دفتر خارجہ کو خط

شائع October 4, 2023
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں  فیصلے کے فوری  بعد خط ارسال کیا گیا—فوٹو:ای سی پی ایکس پوسٹ
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے کے فوری بعد خط ارسال کیا گیا—فوٹو:ای سی پی ایکس پوسٹ

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کی نگرانی کے سلسلے میں غیر ملکی مبصرین کو مدعو کرنے کے لیے دفتر خارجہ کو خط ارسال کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت الیکشن کمیشن کے اس اعلان کے 3 ماہ بعد سامنے آئی ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کے لیے غیر ملکی مبصرین کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد مدعو کیا جائے گا۔

منگل کے روز الیکشن کمیشن پاکستان نے اپنا ارادہ تبدیل کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو ایک خط ارسال کردیا جس میں عالمی مبصرین کو مدعو کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میڈیا ونگ ہارون شنواری کی جانب سے سیکریٹری خارجہ کو ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 238 کے تحت وزارت خارجہ کے ذریعے عالمی مبصرین/میڈیا کو دعوت نامے بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری خارجہ کو ارسال کیے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اوپن ڈور پالیسی پر یقین رکھتا ہے اور آئندہ عام انتخابات کے لیے جلد از جلد آبزرویشن مشن کا خیرمقدم کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکریٹری خارجہ کو ارسال کیے گئے خط کی ایک کاپی ڈان کے پاس بھی موجود ہے۔

اس خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات سے متعلق عالمی مبصرین کے لیے مجوزہ دعوت کے حوالے سے واضح پالیسی گائیڈ لائنز اور ایس او پیز کی تشکیل کے سلسلے میں وزارت خارجہ کی مانب سے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے فوری بعد الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے سیکریٹری خارجہ کو یہ خط ارسال کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024