• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

بھول جائیں آپ کو آڈیشن ملنے والا ہے، آج فلسطین ہے کل کوئی اور ہوسکتا ہے، زارا نور عباس

شائع October 20, 2023
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ زارا نور عباس نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں، ’بھول جائیں کہ آپ کو ہولی وڈ میں کوئی آڈیشن ملنے والا ہے یا ٹام کروز (امریکی اداکار) کے ساتھ فلم ہونے والی ہے، آج فلسطین پر ظلم ہورہا ہے، کل ہم بھی اس کا شکار ہوسکتے ہیں۔‘

زارا نور عباس نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہمارے آبا و اجداد نے قبضہ کرنے والوں کے خلاف اس لیے بات نہیں کی تھی کہ جو پوری دنیا میں جو ظلم ہورہا ہے اس پر ہم خاموش رہیں، ہمارے آبا و اجداد نے پاکستان کے لیے اس لیے قربانیاں دیں کیونکہ جب کسی اور پر ایسا ظلم ہو تو ہم سب بول سکیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ وقت آواز اٹھانے کا ہے، پلیز بھول جائیں کہ آپ کا کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا بہت بڑی ٹام کروز کے ساتھ فلم ہونے والی ہے، وہ نہیں ہوگی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہم تیسری دنیا کے ملک ہیں اور فلسطین کی طرح کسی کو ہماری پرواہ نہیں ہے، یاد رکھیں جو لوگ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور جو ظالم کے ساتھ کھڑے ہیں وہ تاریخ اور دنیا کا مستقبل بدل سکتے ہیں، اس لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ لوگ حق پر کھڑے ہیں، کہانی کے دو رخ نہیں ہیں۔‘

زارا نور عباس نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’انہیں اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ مسئلہ ہے، یہ ایک بہت بڑا پروپیگنڈا ہے، پلیز سمجھ لیں کہ ہمیں مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آج فلسطین ہے کل ہم میں سے کوئی اور ہو سکتا ہے، اور اُس وقت ہمارے لیے کوئی نہیں بولے گا اگر ہم آج مظلوموں کے لیے نہیں بولیں گے، اپنے پلیٹ فارم کے لیے سچ کی آواز بلند کریں ہمیں نہیں معلوم کل ہم خود اس تباہی کا شکار ہوسکتے ہیں۔‘

اس کے علاوہ ہمایوں سعید نے بھی سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر غزہ کے ہسپتال میں اسرائیلی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے سوال پوچھتے ہوئے لکھا کہ ’جب ناقابل تصور حقیقت بن جاتا ہے، تو بااثر اور طاقتور لوگوں کو اس قتل عام کا نوٹس لینے کے لیے اس سے بڑھ کر کیا کرنے ضرورت ہے؟‘

ہمایوں سعید نے لکھا کہ ’فلسطین میں اپنے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کے لیے دعاؤں کے بغیر ایک لمحہ بھی نہیں گزرتا، اللہ ان کے دکھ کو آسان کرے۔‘

اداکارہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا انسٹاگرام ’شیڈوبین‘ ہوگیا ہے، ماہرہ نے اس سے قبل غزہ کے معصوم بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی پوسٹ شیئر کی تھی۔

یاد رہے کہ انٹرنیٹ پر جو لوگ غزہ اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں ان کے اکاؤنٹ کو ’شیڈوبین‘ کیا جارہا ہے۔

اسرائیل-حماس تنازع

یاد رہے کہ کئی دہائیوں سے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بمباری کے بعد 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے فوجی اڈوں اور بستیوں پر اچانک حملہ کیا تھا۔

اس حملے کے ردعمل میں گزشتہ 10 دنوں کے دوران اسرائیل کے جنگی طیارے غزہ کی پٹی پر مسلسل بمباری کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈھائی ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں سے ایک چوتھائی تعداد بچوں کی ہے۔

حال ہی میں 17 اکتوبر کو غزہ شہر کے الاہلی عرب ہسپتال پر اسرائیل کی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 500 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، اس حملے کے بعد دنیا بھر کی نامور شخصیات شدید غم اور غصے کا بھی اظہار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024