• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

جلسے میں خواتین کے ناچ گانے پر طنز، ’عورت مارچ‘ کی نواز شریف کے خطاب پر تنقید

شائع October 23, 2023
—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

عورت مارچ کراچی چیپٹر کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے 21 اکتوبر کو مینارِ پاکستان پر کارکنان سے کیے گئے خطاب ایک حصے پر تنقید کا نشانہ بنایا جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نے ’جلسے میں خواتین کے ناچ گانے‘ سے متعلق طنزیہ بیان دیا تھا۔

چار سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر کی رات کو لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے۔

لاہور میں مینارِ پاکستان کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ نواز شریف کو خوش آمدید کہنے کے لیے جمع تھے جہاں انہوں نے کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا۔

اس دوران نواز شریف کے خطاب کے ایک حصے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’دیکھیں ہماری بہنیں کتنی آرام سے جلسہ سن رہی ہیں، کوئی ڈھول کی تھاپ پر ناچ گانا نہیں ہورہا، میری بات سمجھ گئے یا نہیں سمجھے؟‘

نواز شریف کا اشارہ سابق وزیراعظم عمران خان کے جلسوں کی جانب تھا، ماضی میں دیکھا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے جلسوں میں ڈھول کی تھاپ اور گانوں پر رقص کیا جاتا تھا۔

مینار پاکستان پر نواز شریف کے خطاب کی ویڈیو عورت مارچ کراچی چیپٹر کی جانب سے شئیر کی گئی جہاں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سماجی پلیٖٹ فارم ایکس پر عورت مارچ کی جانب سے لکھا گیا کہ ’ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے سیاسی مخالفت میں خواتین کی سیاسی سرگرمیوں پر سستی جگت کی ہے، انہوں نے ابھی تک یہ نہیں سیکھا کہ خواتین کو اچھی عورت اور بری عورت میں تقسیم کرنا پتھروں کے زمانے کا طریقہ کار ہے۔‘

ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا کہ ’ناچ گانے کا شوق رکھنے سے عورت کے کردار پر سوال اٹھانا انتہائی گھٹیا حرکت ہے، ہمارا ان کو مشورہ ہے کہ وہ عورت دشمنی کے غار سے باہر نکلیں اور اپنے خیالات کو سورج کی روشنی دکھائیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024