• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نواز شریف کا کیس عدلیہ کیلئے امتحان ہے، سراج الحق

شائع October 24, 2023
سراج الحق نے حیدرآباد میں پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کیا—فوٹو: پی پی آئی
سراج الحق نے حیدرآباد میں پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کیا—فوٹو: پی پی آئی

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اکثر کرپٹ سیاستدانوں کی حمایت کرتی ہے لیکن اب یہ عدلیہ کے لیے ایک امتحان ہے کہ وہ سزا یافتہ سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے نمٹیں، جو چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سراج الحق نے حیدرآباد میں پارٹی کارکنان کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اپنے پچھلے تینوں دورِ حکومت میں بطور وزیر اعظم کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، اگر وہ چوتھی بار وزیر اعظم منتخب ہو گئے تو کیا کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت میں وزیراعظم رہے جبکہ اُن کی پارٹی کے دیگر رہنما اہم وزارتوں پر فائز رہے، جب تک پاکستان میں خاندانی سیاست کا راج رہے گا، جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک نازک صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ یہ کمزور معیشت، ناقص طرزِ حکمرانی اور بدعنوانی جیسی متعدد بیماریوں کا شکار ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں نے پاکستان کو کشکول بنا دیا ہے حالانکہ پاکستان تیل، گیس اور معدنیات کے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پر گزشتہ 15 برس سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، یہ لاقانونیت، غربت، ڈاکو راج اور سیاسی بے یقینی کا گڑھ بن چکا ہے، پیپلز پارٹی کا طویل ترین دور حکومت تباہی اور محرومی کا دور ثابت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا سب سے مہنگا ملک بن چکا ہے، یہاں تک کہ بھوٹان، افغانستان اور ایران جیسے ممالک نے معیشت، امن اور ترقی کے حوالے سے پاکستان پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سراج الحق نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے، امریکا اور برطانیہ فلسطین پر اسرائیلی بمباری کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مسلم حکمرانوں کی بے حسی کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ فلسطین کے لیے فنڈز جمع کریں اور اسے موضوع بحث بنائیں۔

دریں اثنا ٹھٹھہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امیر جماعت اسلامی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست پر 2 خاندانوں کا غلبہ ہے اور ملک ان سے اسی صورت میں نجات حاصل کرے گا، جب لوگ اپنے ووٹ کا دانشمندی سے استعمال کریں گے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ یہ دونوں خاندان مسلسل معاشی بحران اور ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 15 برس سے حکومت کرنے والی جماعت مسلسل لاقانونیت اور دیگر برائیوں کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024