• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عورت کی زندگی میں آنے والا دوسرا مرد سانپ ہوتا ہے، نادیہ خان

شائع October 31, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خود کو مضبوط رکھیں اور کسی بھی صورت کوئی خاتون کبھی کسی مرد کے آگے بالکل کمزور نہ پڑے، انہیں اپنے دل کا حال نہ بتائے، کیوں کہ ایسا کرنے سے وہ مرد ان کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ایسے مرد سانپ کی طرح ہوتے ہیں۔

نادیہ خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ان سمیت دیگر اداکارائیں اور خواتین بھی شریک ہوئیں اور انہوں نے عورتوں کو درپیش مسائل پر کھل کر بات کی۔

نادیہ خان نے شو میں مرد حضرات کی جانب سے کمزور پڑتی خواتین کو غلط فائدہ اٹھانے کے معاملے پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کب کس وقت مرد خاتون کو جال میں پھنسا کر اس کا استحصال کرتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی خاتون کو طلاق ہوجائے یا اس کے رومانوی تعلقات ختم ہوجائیں تو وہ فوری طور پر کسی بھی صورت میں دوسرے مرد کے ساتھ روابط میں نہ آئے، ایک غلطی کے بعد دوسری غلطی نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر خواتین جب ایک بار اونچائی سے گرتی ہیں تو زیادہ تر امکان یہی ہوتا ہے کہ انہیں دوبارہ بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسے ہی وقت میں وہ کمزور پڑ جاتی ہیں لیکن اس وقت ہی انہیں مضبوط ہونا چاہیے۔

نادیہ خان کے مطابق جب خواتین کمزور پڑتی ہیں، وہ طلاق یا کسی سے تعلقات ختم ہونے کے دور سے گزر رہی ہوتی ہیں، تب ان کے پاس بہت سارے لوگ انہیں سہارا دینے کے لیے آتے ہیں اور وہ ان کا ہمدرد بننے کا ڈراما کرتے ہیں۔

ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ایسے ہی وقت میں خواتین کو کسی بھی صورت میں کسی مرد کو اپنے دل کا حال نہیں بتانا چاہیے، انہیں کسی مرد کے سامنے رونا نہیں چاہیے۔

نادیہ خان نے کہا کہ کسی مرد کے سامنے رونے والی خاتون کا وہ مرد ہر حال میں فائدہ اٹھاتا ہے۔

اداکارہ نے خواتین کی زندگی میں آنے والے ایسے مطلبی اور فائدہ مند مرد کو سانپ بھی قرار دیا اور کہا کہ خواتین کو ایسے ہی مرد حضرات سے بچنا چاہیے اور اس وقت ہی انہیں مضبوط ہونا چاہیے۔

انہوں نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ پہلے تعلقات کی ناکامی کے بعد خود مختار بنیں، روزگار اور کاروبار کریں، گھر بنائیں، اس کے بعد پرسکون ہوکر کسی سے دوبارہ تعلقات استوار کرنے سے متعلق فیصلہ کریں۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ عام طور پر خواتین اس وقت بھی غلطی کرتی ہیں جب ان کے سابق شوہر یا سابق بوائے فرینڈ شادی کر لیتی ہیں اور وہ انہیں جلانے اور دکھانے کے لیے بھی مجبوراً شادی کرتی ہیں لیکن بعد میں انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان کا فیصلہ غلط تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عام طور پر خواتین دل کے ہاتھوں مجبور ہوکر ایک مرد کے بعد دوسرے مرد کا سہارا تلاش کرتی ہیں اور ایسی عورتوں کے دل کو ان کا دماغ ورغلاتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھی شروع میں غلطیاں کیں لیکن بعد میں وہ اپنے دماغ کا کھیل سمجھ گئیں، اب وہ ایسی کوئی بات سوچتی ہی نہیں جس متعلق وہ سوچنا ہی نہیں چاہتیں۔

تاہم اداکارہ نے اپنی غلطیوں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی اور خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے دل اور دماغ کی سننے کے بجائے دماغ کو اپنے کنٹرول میں رکھیں اور ایک غلطی کے بعد دوسری غلطی کرکے کمزور نہ پڑیں اور دوسرے مرد کو دوبارہ سہارا بنانے کی غلطی نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024