• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پاکستانی اداکاروں کے بغیر’صلاح الدین ایوبی’ کا ٹریلر ریلیز

شائع October 31, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

طویل انتظار کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنائے جانے والے میگا بجٹ اور میگا کاسٹ تاریخی ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں کسی بھی پاکستانی اداکاروں کو نہیں دکھایا گیا۔

مختصر دورانیے کے جاری کیے گئے ٹریلر میں صلاح الدین ایوبی کے مرکزی کردار سمیت صلیبیوں کے کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں بیت المقدس (یروشلم) اور اس پر مسلط ہونے والی جنگوں سے متعلق کرداروں کو بات کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ صلیبیوں سے محاذ آرائی کرنے والے کردار بولتے دکھائی دیتے ہیں کہ یروشلم قربانی کا نام ہے۔

ٹریلر میں صلاح الدین ایوبی اور صلیبیوں کے درمیان جنگوں کے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔ مختصر دورانیے کے ٹریلر میں دکھائے گئے تمام کردار ترکش اداکاروں کے ہیں، کسی ایک پاکستانی اداکار کے کردار کو نہیں دکھایا گیا۔

ٹریلر میں ترک اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) کو صلاح الدین ایوبی کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔

اس سے قبل خبریں تھیں کہ صلاح الدین ایوبی میں ترکیہ اور پاکستان کے اداکار مشترکہ طور پر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

اس ضمن میں پاکستان میں آڈیشن بھی لیے گئے تھے، جس میں 6 ہزار پاکستانی فنکاروں نے حصہ لیا تھا اور بعد ازاں عائشہ عمر سمیت متعدد معروف اداکاروں کو کاسٹ کیے جانے کی چہ مگوئیاں بھی تھیں۔

لیکن ٹریلر میں ایک بھی پاکستانی کردار کی جھلک نہ دکھائے جانے کے بعد پاکستانی شائقین مایوس دکھائی دیے اور انہوں نے عدنان صدیقی اور ہمایوں سعید کی جانب سے ٹریلر کی ویڈیو شیئر کیے جانے پر کمنٹس کرکے پاکستانی اداکاروں کی غیر موجودگی سے متعلق سوال بھی کیا۔

ٹریلر سے قبل گزشتہ ہفتے ڈرامے کا مختصر ٹیزر ریلیز کیا گیا تھا اور اس میں بھی پاکستانی اداکاروں سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھی۔

ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے صلاح الدین ایوبی کو جلد ترکیہ کے سرکاری ٹیلی وژن ٹی آر ٹی ون پر نشر کرنے کا اعلان کیا گیا، تاہم اسے ریلیز کرنے کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اعلان کے تقریباً تین سال بعد اس کا مختصر ٹیزر سامنے آیا ہے۔

صلاح الدین ایوبی کو بنانے کے لیے پاکستان کے انصاری فلمز اور ترکیہ کے ایکلی فلمز کے درمیان اگست 2021 میں سربیا میں معاہدہ ہوا تھا۔

بعد ازاں ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان اور ترکیہ میں آڈیشن لیے گئے تھے اور دسمبر 2021 میں پاکستان میں لیے گئے آڈیشنز میں 6 ہزار اداکاروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے محض چند اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اگست 2022 میں ڈرامے کے پروڈکشن ہاؤسز نے بتایا تھا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ترکیہ میں سیٹ تیار ہوگیا ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور بعد ازاں اس کی شوٹنگ شروع کردی گئی تھی۔

شوٹنگ شروع کیے جانے کے تقریباً ایک سال بعد اب ڈرامے کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں کسی بھی پاکستانی اداکار کی جھلک نہیں دکھائی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024