• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

مکمل چیک اپ اور صحت کی تسلی کرنے کے بعد ہارٹ اٹیک ہوا، سشمیتا سین

شائع November 3, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

دراز قد اور اپنی خوبصورتی کی وجہ سے شہرت رکھنے والی سابق ’مس انڈیا‘ اور ’مس یونیورس‘ بولی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جانب سے اپنا مکمل چیک اپ کروائے جانے اور خدشات کو دور کیے جانے کے بعد انہیں ہارٹ اٹیک ہوا، جس سے وہ پریشان بھی ہوئیں۔

سشمیتاسین نے مارچ 2023 میں والد کے ہمراہ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ کچھ دن قبل انہیں دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد ان کی اینجیوپلاسٹی کردی گئی اور اب وہ بہتر ہیں۔

اداکارہ کی جانب سے اپنی بیماری سے متعلق انکشاف کے بعد بولی وڈ شخصیات سمیت ان کے مداحوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

اس سے قبل نومبر 2021 میں بھی انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے سرجری کروائی ہے، تاہم اس وقت انہوں نے واضح نہیں کیا تھا کہ انہوں نے کس چیز کا آپریشن کروایا۔

اور اب انہوں نے پہلی بار اپنے امراض قلب سے متعلق کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح تسلی کرنے کے بعد انہیں شدید ہارٹ اٹیک ہوا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق حال ہی میں سشمیتاسین نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ دل کا دورہ پڑنے سے 6 ماہ قبل ہی انہوں نے اپنا مکمل چیک اپ کروایا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چوں کہ ان کے والدین عارضہ قلب کے مریض رہے ہیں اور ان کے خاندان میں دل کی بیماری خاندانی ہے، اس لیے وہ ہر 6 ماہ اپنا مکمل چیک اپ کرواتی رہتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اسی طرح انہوں نے معمول کے مطابق اپنے دل سمیت دوسری صحت کا مکمل چیک اپ کروایا تھا اور ڈاکٹرز نے بھی انہیں ہر طرح کی بیماری سے پاک ہونے کی تسلی دی تھی۔

سشمیتاسین کے مطابق مکمل چیک اپ کروانے اور ڈاکٹروں کی تسلی ملنے کے باوجود انہیں شدید ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں نئی زندگی ملی۔

انہوں نے زندگی کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کچھ پتا نہیں ہوتا کہ اگلے لمحے ان کے ساتھ کیا ہونا ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ دل کی سرجری کروائے جانے اور ہارٹ اٹیک سے گزرنے کے ایک ماہ بعد ہی انہوں نے اپنی ویب سیریز ’آریا تھری‘ کے ایکشن مناظر شوٹ کروائے تھے۔

انہوں نے مداحوں اور دوسرے افراد کو بھی معمول کے مطابق اپنے میڈیکل چیک اپ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھنے کی تلقین کی۔

سشمیتا سین نے 1996 میں فلم ’دستک‘ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ 50 کے قریب فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔

انہوں نے اپنی اداکاری کی بناء پر فلم فیئر، آئیفا، اسٹار اسکرین اور زی سائنے سمیت متعدد ایوارڈ اپنے نام کیے۔

سشمیتا سین نے 1994 میں مس انڈیا کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس کے بعد وہ اسی برس مس یونیورس بھی منتخب ہوئی تھیں۔

سشمیتا سین نے اگرچہ شادی نہیں کی، تاہم انہوں نے 2 بچوں کو گود لے رکھا ہے، انہوں نے سب سے پہلے 2000 میں ایک بچی اور بعد ازاں 2010 میں دوسری بچی کو گود لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024