اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں، کسٹمز نے 19 ارب روپے مالیت کی اشیا ضبط کر لیں
کسٹمز انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ نے ملک بھر میں اسمگلنگ اور غلط انوائسنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 18 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ستمبر سے جاری سخت اقدامات غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے نگران حکومت کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔
تفصیلی تجزیے سے پتا چلا کہ ڈائریکٹوریٹ نے 14 ارب 98 کروڑ روپے کا سامان ضبط کیا، جبکہ اسی عرصے کے دوران 3 ارب 92 کروڑ روپے کے خلاف ورزی کے مقدمات کے درج کیے گئے۔
ایک سرکاری اعلان کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک بھر میں ضبط کرنے کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی، پنجاب کسٹمز انٹیلی جنس نے سب سے زیادہ 5 ارب 88 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا۔
اسی طرح سندھ میں کارروائی کے نتیجے میں 5 ارب 3 کروڑ 80 لاکھ روپے کی اشیا ضبط کی گئیں۔
بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کے نتیجے میں 2 ارب 82 کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا، جبکہ خیبرپختونخوا میں کسٹم انٹیلی جنس نے ایک ارب 23 کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا کو کامیابی سے پکڑا۔
اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ضبط کی گئی اہم اشیا میں وسیع پیمانے پر سامان شامل ہے، ان میں 2 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کی متفرق اشیا، 2 ارب 26 کروڑ روپے کے سگریٹ اور2 ارب 5 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت گاڑیاں شامل ہیں، اسی طرح آٹو پارٹس کو بھی ضبط کیا گیا، جن کی مالیت 2 ارب 2 کروڑ 30 لاکھ روپے تھی۔
ایک ارب ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی چھالیہ اور 75 کروڑ 60 لاکھ روپے کا پیٹرول بھی قبضے میں لیا گیا، ضبط کی گئی اشیا میں فیبرکس اور الیکٹرانک سامان بھی شامل تھا، دیگر ضبط کی گئی مصنوعات میں گٹکا (32 کروڑ 50 لاکھ روپے)، ڈیزل (21 کروڑ 10 لاکھ روپے) اور ٹائرز (15 کروڑ 70 لاکھ روپے) شامل ہیں۔