• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سیکیورٹی فورسز کی قلات میں کارروائی، دو دہشت گرد ہلاک

شائع November 29, 2023
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات کے ناگاؤ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 28 نومبر 2023 کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع قلات کے علاقے ناگاؤ پہاڑ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں اور حملوں کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز اور رینجرز کے ساتھ ساتھ محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی جانب سے بھی ملک بھر میں دہشت گرد گروپوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

چند روز قبل بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اس سے قبل 8 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے پاک-افغان سرحد کے قریب خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں کارروائی کی جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

تین نومبر کو بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 14 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

یکم نومبر کو بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024