گجرات: 2 سابق اراکین اسمبلی ’سامنے آگئے‘، پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

شائع December 20, 2023
— فوٹو: ویب سائٹ / قومی، صوبائی اسمبلی
— فوٹو: ویب سائٹ / قومی، صوبائی اسمبلی

گجرات سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’پراسرار طور پر لاپتا‘ 2 سابق اراکین اسمبلی نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کلیوال سیداں کے سابق ایم این اے سید فیض الحسن شاہ اور سرائے عالمگیر سے سابق ایم پی اے چوہدری محمد ارشد نے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔

سید فیض الحسن شاہ نے 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسی طرح سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمد ارشد نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے اور انتخابی سیاست سے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا۔

سید فیض الحسن شاہ 2018 کے عام انتخابات میں این اے-70 (اب این اے-65) سے پی ٹی آئی کے ایم این اے منتخب ہوئے تھے، انہوں نے دو سابق وفاقی وزرا [پیپلزپارٹی کے قمر زمان کائرہ، مسلم لیگ (ن) کے جعفر اقبال] کو شکست دی تھی۔

چوہدری محمد ارشد سرائے عالمگیر (سابقہ حلقہ پی پی-34) سے تین بار رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، 2018 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل وہ پاکستان مسلم لیگ (ق) سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے، ان دونوں کو مبینہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اٹھا لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024