علی ظفر نے اپنے گانے جھوم کے بھارتی ورژن کو اچھا قرار دے دیا
مقبول گلوکار علی ظفر نے اپنے مشہور گانے جھوم کے بھارتی ورژن کو اچھا قرار دیتے ہوئے اسے گانے والی گلوکارہ شریا گھوشل اور گلوکار کی بھی تعریفیں کردیں۔
علی ظفر نے دل جھوم جھوم کو ابتدائی طور پر 2011 میں ریلیز کیا تھا، تاہم ایک سال قبل انہوں نے اسی گانے کا ریمیکس بھی ریلیز کیا تھا۔
گزشتہ ہفتے بھارتی گلوکارہ شریا گھوشل نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی علی ظفر کے گانے کو گاتی دکھائی دیں گی اور ساتھ ہی انہوں نے خود کو پاکستانی گلوکار کی بڑی مداح بھی قرار دیا تھا۔
اب علی ظفر کے تیار کردہ گانے جھوم جھوم کا بھارتی ورژن جاری کردیا گیا، جسے بولی وڈ فلم کڑاک میں شامل کیا گیا ہے۔
گانے کو بولی وڈ ڈانسر و اداکارہ نوا فتیحی اور ودیا جموال پر فلمایا گیا ہے جب کہ اسے شریا گھوشل، وشال مشرا اور تنشک نے گایا ہے۔
پاکستانی گانے کے بھارتی ورژن کو کچھ تبدیل کیا گیا ہے اور اس میں مرد کے ساتھ ساتھ خاتون کی آواز کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ علی ظفر نے جھوم کو تنہا گایا تھا۔
علی ظفر نے ٹی سیریز کی جھوم کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے گانے کی ویڈیو کو اچھا قرار دیا ۔
ساتھ ہی علی ظفر نے گانے کو گانے والے گلوکاروں کی بھی تعریفیں کیں، یہ واضح نہیں ہے کہ علی ظفر کو گانے کی رائلٹی دی گئی یا نہیں؟ تاہم بظاہر لگتا ہے کہ پاکستانی گلوکار کو رائلٹی دی گئی ہوگی۔