وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا اعلان
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق نو منتخب وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں میں ان کو پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
دوران اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کے لیے پائیدار اقدامات کا حکم دیتے ہوئے فوری پلان طلب کرلیا۔
اس کے علاوہ مریم نواز نے 5 روز میں پرائس کنٹرول کے لیے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم بھی دے دیا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ عارضی اقدامات کافی نہیں ہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے، گراں فروشی کے خاتمے کے لیے پائیدار سسٹم وضح کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا خوردونوش کے نرخ کنٹرول کیے جائیں اور گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنائی جائے۔
یاد رہے کہ آج ہی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز تاریخ میں پہلی بار خاتون وزیر اعلی منتخب ہوئی ہیں۔