سینیٹ کی 9 خالی نشستوں کا معاملہ، پیپلز پارٹی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
سینیٹ کی 9 خالی نشستوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھ دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خط میں مؤقف اپنا یاگیا ہے کہ 8 سینیٹرز حالیہ انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں کامیاب ہوئے ہیں، کامیاب ہونے والے سینیٹرز میں یوسف رضا گیلانی، عبدالغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، سرفراز بگٹی، صادق سنجرانی، پرنس عمر، نزہت صادق شامل ہیں۔
خط میں بتایا گیا کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی سینیٹ کی نشست سے پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں چنانچہ 9 خالی نشستوں پر فوری الیکشن کرائے جائیں۔
یاد رہے کہ آج ہی مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی سینیٹر نزہت صادق سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئی ہیں، سینیٹر نزہت صادق نے اپنا استعفی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو پیش کیا تھا جسے چیئرمین سینیٹ نے منظور کرلیا۔
سینیٹر نزہت صادق اب بطور رکن قومی اسمبلی حلف لیں گی۔