وفاقی کابینہ آج ایوان صدر میں حلف اٹھائے گی
وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت مکمل ہونے کے بعد ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، نئی وفاقی کابینہ آج ایوان صدر میں حلف اٹھائے گی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری آج شام 4 بجےوفاقی کابینہ سے حلف لیں گے، وفاقی کابینہ میں 12 سے 14 وزرا شامل ہوں گے۔
سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب مسحن نقوی کو مشیر داخلہ جبکہ اسحٰق ڈار کو وزارت خارجہ کا قلمدان ملنے کا امکان ہے، عطا تارڑ وزیراطلاعات ہوں گے۔
خواجہ آصف وزیر دفاع، احسن اقبال وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور مصدق ملک وزیر پیٹرولیم ہوں گے، وزیرخزانہ سربراہ حبیب بینک (ایچ بی ایل) محمد اورنگزیب اور جلیل عباس جیلانی معاون خصوصی خزانہ ہوں گے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) امیر مقام، رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم-پاکستان) مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار بھی وزیر ہوں گے، عمر سیف، سعد رفیق، خرم دستگیر اور علی پرویز ملک کو بھی مشیر بنایا جائے گا۔