’تیرے بن‘ کا دفاع کرنے کی ضرورت ہی نہیں، یمنیٰ زیدی
گزشتہ سال کے مقبول ترین ڈرامے ’تیرے بن‘ کی اداکارہ یمنیٰ زیدی کا کہنا ہے کہ انہیں مذکورہ ڈرامے کی کہانی اور مناظر کی وجہ سے اس کا دفاع کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔
ڈراما ’تیرے بن‘ کی پہلی قسط 28 دسمبر 2022 کو نشر ہوئی تھی جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے اس نے دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے تھے، 6 ماہ تک ہفتے میں دو بار نشر ہونے والے ڈرامے کی آخری قسط 6 جولائی 2023 کو نشر کی گئی تھی۔
58 اقساط پر مشتمل ڈرامے کی مرکزی کہانی وہاج علی (مرتسم) اور یمنیٰ زیدی (میرب) کے کرداروں کے گرد گھومتی تھی، جنہوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا تھا، تاہم ان کے درمیان جھگڑوں، غلط فہمیوں، محبت اور تناؤ کو دکھایا گیا تھا۔
بعد ازاں ڈرامے کے پروڈیوسر اور ہدایت کار عبداللہ کادوانی نے اس کا دوسرا سیزن بنانے کی بھی تصدیق کرتے ہوئے اسے دسمبر 2023 تک نشر کرنے کا خیال بھی ظاہر کیا جا رہا تھا، تاہم تاحال اس کا دوسرا سیزن نشر نہیں کیا جا سکا۔
اب اسی ڈرامے کی مرکزی اداکارہ یمنیٰ زیدی کی جانب سے ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر بات کرنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے،جس میں وہ بتاتی ہیں کہ انہیں تیرے بن ڈرامے کا دفاع کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔
کراچی کی زیبسٹ یونیورسٹی میں ہونے والی تقریب کے دوران یمنیٰ زیدی نے کہا کہ تیرے بن ڈراما پاکستانی ڈرامے کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ڈراما بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ان کے ڈرامے کو نہ دیکھتے، وہ ان کے کردار اور ڈرامے کی کہانی پر بات نہ کرتے تو وہ اس کے دفاع میں کچھ کہتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈراما اتنا مقبول ہوا کہ ہر کوئی تیرے بن کی کہانی اور کرداروں پر بات کرتا دکھائی دیا، اس لیے انہیں مذکورہ ڈرامے کا دفاع کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔