• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا

شائع May 21, 2024
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک
— فائل فوٹو: بشکریہ فیس بک

صدر مملکت آصف علی زرداری کے نجی دورے پر متحدہ عرب امارات جانے کے بعد چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھال لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صدر نے یوسف رضا گیلانی کو قائم مقام صدر مقرر کر دیا ہے، اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ایوان بالا میں قائم مقام چیئرمین کے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نجی دورے پر دبئی روانہ ہو گئے، وہ 4 سے 5 دن میں وطن واپس آ جائیں گے۔

عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد کے لیے ملائیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں قائم مقام صدر سے ملاقات کی، یوسف رضا گیلانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تمام بین الاقوامی فورمز پر خوشگوار تعاون ہے، جسے دونوں فریقوں کے مفاد کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ملاقات کے دوران قائم مقام صدر نے دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کے لیے بحری شعبوں میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں بحری افواج کے درمیان تربیتی اور تبادلے کے پروگراموں سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بحری تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ بحری مشقوں اور تربیتی تعاون کے باقاعدہ انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے امن مشقوں میں باقاعدگی سے شرکت کرنے پر ملائیشیا کی بحریہ کی تعریف کی اور مستقبل میں بھی اس کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے ملائیشیا کی مسلسل حمایت کا منتظر ہے۔

قبل ازیں قائم مقام صدر نے ایوان صدر میں خصوصی تقریب کے دوران ملائیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا۔

ملائیشین نیوی اور پاکستان نیوی کے درمیان دوستی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی پیشہ وارانہ کامیابیوں اور کوششوں کے اعتراف میں انہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024