بارش نہ ہونے سے آئرلینڈ، امریکا میچ منعقد ہونے کا امکان
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہِل میں آج امریکا اور آئرلینڈ کے درمیان میچ شیڈول ہے جہاں میچ سے قبل شہر میں آج شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
گزشتہ روز لاڈرہِل سمیت فلوریڈا کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی لیکن آج صبح سے شہر میں بارش نہیں ہوئی جس کی بدولت میچ کے انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
میچ میں 7بجے ٹاس اور ساڑھے 7بجے میچ کا آغاز ہونا تھا لیکن میدان گیلا ہونے کی وجہ سے ٹاس اور میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہے۔
امپائرز نے متعدد بار میدان کا معائنہ کیا لیکن میدان گیلا ہونے کی وجہ سے میچ شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ساڑھے بارہ بجے امپائرز ایک مرتبہ پھر میدان کا معائنہ کریں گے جس کے بعد ہی میچ کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے آ سکے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق میچ سوا دو بجے تک بھی شروع کیا جا سکتا ہے اور سوا دو بجے میچ شروع ہونے کی صورت میں پانچ، پانچ اوورز فی اننگز کا میچ ہو گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکا اور بھارت کے خلاف میچز ہارنے کے بعد مشکلات سے دوچار ہے اور اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے گرین شرٹس کا ایک مرتبہ پھر دیگر ٹیموں پر انحصار ہے۔
سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے پاکستان کو ناصرف آج کے میچ میں آئرلینڈ کی فتح درکار ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں آئرلینڈ کے خلاف میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔
آئرلینڈ کی فارم کو دیکھتے ہوئے ان کی آج کے میچ میں کارکردگی کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ وہ بھی اب تک اپنے دونوں میچ ہار چکے ہیں جہاں ایک میچ میں انہیں کینیڈا جیسی ٹیم نے بھی زیر کردیا تھا۔
اگر آج کا میچ بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جاتا اور منسوخ ہو جاتا ہے تو پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گی اور پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کھیلنے والی امریکا کی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گی۔