فواد خان اور صنم سعید کی سیریز ’برزخ ’ آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان
بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی چینل نے پاکستانی ہدایت کار کی جانب سے تیار کردہ پاکستانی کاسٹ پر مبنی ویب سیریز ’برزخ ’ کو آئندہ ماہ 19 جولائی کو ریلیز کرنے کی تصدیق کردی۔
’برزخ ’ کی شوٹنگ دو سال قبل مارچ 2022 میں مکمل کی گئی تھی اور فروری 2023 میں اسے فرانسیسی فلم میلے میں پیش کیا گیا تھا۔
اب شوٹنگ مکمل ہونے کے ڈھائی سال بعد اسے آئندہ ماہ 19 جولائی کو ریلیز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کے پوسٹرز جاری کردیے گئے۔
زندگی چینل اور زی فائیو کے آفیشنل انسٹاگرام پیج پر ’برزخ ’ کے پوسٹرز کو جاری کرتے ہوئے سیریز کو آئندہ ماہ آن لائن پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔
’برزخ ’ کو جہاں اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو پر ریلیز کیا جائے گا، وہیں اسے زندگی چینل کے آفیشنل یوٹیوب پر بھی ریلیز کیا جائے گا۔
’برزخ ’ کی کہانی ایک 76 سالہ شخص کی دوسری شادی اور اس کے خاندان کو شادی کی تقریب میں مدعو کیے جانے سمیت خاندان کے اندر ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔
سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔ اس کی کاسٹ میں فواد خان اور صنم سعید کے علاوہ ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، خوشحال خان، سلمان شاہد، انیقا ذوالفقار علی اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔
اگرچہ ویب سیریز کو آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم تاحال اس کا ٹیزر یا ٹریلر جاری نہیں کیا گیا لیکن امکان ہے کہ جلد ہی اس کا ٹریلر بھی ریلیز کردیا جائے گا۔
سیریز کو وقاص حسن اور شیلجا کیجریوال نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اس کی ہدایات عاصم عباسی نے دی ہیں۔
ویب سیریز کے ذریعے فواد خان اور صنم سعید بھی ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے، وہ ماضی میں زندگی گلزار ہے نامی شہرت یافتہ ڈرامے میں کام کر چکے ہیں۔