• KHI: Asr 5:18pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:12pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:18pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:12pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

کیا بشریٰ انصاری نے نصف دہائی تک اپنی دوسری شادی خفیہ رکھی؟

شائع June 26, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پہلی بار اپنی دوسری شادی کے حوالے سے حیران کن تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی بھانجی زرا نور عباس کی شادی کے موقع پر دوسری شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

بشریٰ انصاری نے پہلی بار مئی 2023 میں دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان کی دوسری شادی کی خبریں نومبر 2019 میں آنا شروع ہوئی تھیں کہ انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی۔

تاہم اس وقت اقبال حسین نے بشریٰ انصاری سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی، بعد ازاں بشریٰ انصاری نے 2023 میں دوسری شادی کی تصدیق کی لیکن یہ نہیں بتایا کہ ان کی شادی کب ہوئی تھی۔

اب انہوں نے ایک سما ٹی وی کے پروگرام میں دوسری شادی کے معاملے پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ ان کی دوسری شادی کو بھی کئی سال گزر چکے۔

ان کی جانب سے دوسری شادی کی تفصیلات بتانے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ بتاتی ہیں کہ انہیں خود سے کم عمر شخص کے ساتھ دوسری شادی کرنے پر خود کو آمادہ کرنے میں ڈیڑھ سال کا وقت لگا۔

ساٹھ سال کی عمر میں شادی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی، کیوں کہ ان کی عمر دوسری شادی کی نہیں تھی، بس قسمت میں لکھا تھا، اس لیے ان کی دوسری شادی ہوگئی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ طلاق کے بعد 10 سال سے تنہا اور مزے کی زندگی گزار رہی تھیں اور ان کی عمر 60 سال ہوچکی تھی، اس لیے انہیں کسی مرد کی تلاش نہیں تھی اور نہ ہی ایسی عمر میں کوئی اس طرح کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ جب ان کے اور ان کے شوہر اقبال حسین کےدرمیان دوسری شادی کی خواہشات جاگیں تو انہوں نے سب سے پہلے بڑی بیٹی نریمان اور سلطانہ صدیقی کے بیٹے درید قریشی کو آگاہ کیا، جنہوں نے انہیں فوری طور پر دوسری شادی کا مشورہ دیا۔

ان کے مطابق بعد ازاں انہوں نے اپنی بہنوں، دوستوں، سلطانہ صدیقی، بہروز سبزواری اور روبینہ اشرف کو بھی بتایا جب کہ اس وقت ان کی والدہ زندہ تھیں جو ان کےہونے والے شوہر سے مل کر خوش ہوئیں اور فوری طور پر دوسری شادی کا کہا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ یوں ان کی دوسری شادی کی باتیں کئی سال قبل ہونا شروع ہوئیں اور پھر ان کی بھانجی زارا نور عباس کی دوسری شادی کے موقع پر ان کی دوسری شادی کا ذکر نکلا، جہاں انہوں نے دوسری بار رشتہ ازدواج میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔

اسی دوران بشریٰ انصاری کی بہن اسما عباس نے بولا کہ انہوں نے ایک ساتھ دو لڑکیوں کی شادیاں کیں، جس پر بشریٰ انصاری اور پروگرام میزبان ہنس پڑیں۔

بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ دوسری شادی سے قبل وہ 10 سال سے تنہا زندگی گزار رہی تھیں جب کہ ان کے ہونے والے شوہر بھی 8 سال سے طلاق یافتہ تھے، کسی نے کسی کی زندگی خراب نہیں کی۔

اداکارہ نے اپنے روایتی انداز میں کہا کہ انہوں نے کسی عورت کا گھر خراب نہیں کیا، ان کے شوہر کی پہلی بیوی سے کافی عرصہ قبل طلاق ہوچکی تھی اور ان کی پہلی بیوی کے بھی دوسرے معاملات شروع ہوچکے تھے۔

بشریٰ انصاری نے شوہر کی پہلی بیوی کی بھی تعریفیں کیں اور انہیں سمجھدار اور باعزت خاتون قرار دیا اور واضح کیا کہ انہوں نے کسی کا گھر خراب نہیں کیا۔

سینیئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ دوسری شادی سے قبل وہ اپنا اور اپنے بچوں کے گھر بنا چکی تھیں، ان کے پاس خدا کی ہر چیز تھی، انہیں کسی چیز کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے اور ان کے دوسرے شوہر کے بچوں کے آپس میں بھی اچھے تعلقات ہیں اور ہر کوئی ایک دوسرے سے بہت خوش ہے۔

اگرچہ اداکارہ نے بتایا کہ ان کی دوسری شادی کے معاملات کئی سال قبل شروع ہوچکے تھے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی کب ہوئی تھی، تاہم ان کی بھانجی زارا نور عباس کی شادی 2017 میں ہوئی تھی اور پہلی بار بشریٰ انصاری کی شادی کی افواہیں 2019 میں سامنے آئی تھیں، اس وقت ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا گیا تھا۔

اب اداکارہ کے خود کے انکشافات کے بعد واضح ہوتا ہے کہ بشریٰ انصاری کی شادی 2018 کے اختتام یا پھر 2019 کی پہلی سہ ماہی میں ہوئی ہوگی اور انہوں نے اس بات کو کم سے کم 4 سال تک خفیہ رکھا اور مئی 2023 میں پہلی بار دوسری شادی کا اعتراف کیا۔

کارٹون

کارٹون : 30 جون 2024
کارٹون : 28 جون 2024