• KHI: Fajr 4:22am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:28am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:23am Sunrise 5:05am
  • KHI: Fajr 4:22am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:28am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:23am Sunrise 5:05am

’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے لیے شاہ رخ پہلی پسند نہیں تھے، 30 سال بعد انکشاف

شائع July 4, 2024
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

تقریبا تین دہائیوں بعد انکشاف سامنے آیا ہے کہ بھارت کی بلاک بسٹر فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں مرکزی ہیرو کے طور پر شاہ رخ خان پہلی پسند نہیں تھے۔

رومانوی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کو 1995 میں یش راج فلمز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا تھا اور اسے بھارتی تاریخ کی کامیاب اور مقبول ترین فلم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے بعد ہی شاہ رخ خان کو رومانوی ہیرو کے طور پر پہچانا جانے لگا جب کہ فلم نے کاجول کو ایک دم اے لسٹر اداکاروں کی فہرست میں شامل کردیا۔

اب فلم کے ریلیز کے تقریبا 30 سال بعد یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس میں فلم پروڈکشن والے شاہ رخ خان کے بجائے ٹام کروز کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ پر لکھی گئی کتاب میں لکھاری انوپما چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر کے بیٹے شاہ رخ خان کے بجائے ٹام کروز کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ییش راج کے بیٹے فلم ساز ادیتیا چوپڑا کی خواہش تھی کہ شاہ رخ خان کی جگہ ٹام کروز کو کاسٹ کیا جانا چاہیے اور انہوں نے والد کو بھی یہ تجویز دی۔

ادیتیا چوپڑا کا خیال تھا کہ چوں کہ فلم امریکی لڑکے اور بھارتی لڑکی کی محبت کے گرد گھومتی ہے، اس لیے لڑکے کو بھارتی نہیں ہونا چاہیے اور اس میں ٹام کروز مرکزی کردار ادا کریں۔

تاہم ادیتیا چوپڑا کے والد ییش چوپڑا نے ان کے آئیڈیا کو مسترد کیا اور انہیں فلم کی کہانی بھی تبدیل کرنے کا کہا اور ہدایت کی کہ لڑکا اور لڑکی دونوں بھارتی ہی ہونے چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق کاجول نے بھی کتاب کی لکھاری سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ادیتیا چوپڑا چاہتے تھے کہ ٹام کروز کو کاسٹ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی فلم میں ٹام کروز کے ساتھ رومانس کرنے کے لیے تیار نہ تھیں، اس لیے انہوں نے ادیتیا چوپڑا کو کہا کہ اگر ٹام کروز کو کاسٹ کیا جا رہا ہے تو ہیروئن کے طور پر بھی ہولی وڈ اداکارہ میگ ریان کو کاسٹ کیا جانا چاہیے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق لیکن بعد ازاں ادیتیا چوپڑا نے والد کی ہدایت پر ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کی کہانی بھی تبدیل کرکے دونوں کردار بھارتی رکھے اور انہیں چھٹیوں کے لیے یورپ بھیج دیا، جس کے بعد ہی شاہ رخ خان اور کاجول کو کاسٹ کیا گیا۔

خیال رہے کہ فلم میں کاجول اور شاہ رخ خان کی ملاقات بیرون ملک ہوتی ہے اور ان کی وہیں محبت ہوجاتی ہے۔

فلم میں کاجول نے سمرن جب کہ شاہ رخ خان نے راج کا کردار ادا کیا تھا، فلم کی ہدایات ادیتیا چوپڑا نے ہی دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024