• KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm
  • KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm

ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب نے شوہر کے ساتھ صلح کرلی

شائع July 19, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے شوہر کی جانب سے مبینہ بدترین تشدد کے باوجود ان کے ساتھ عدالت کے روبرو صلح کرلی۔

رواں ماہ 10 جولائی کو عائشہ جہانزیب پر تشدد کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں، انہوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ شوہر نے انہیں ایک سال میں تیسری بار تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ ان کے شوہر نے خفیہ نکاح بھی کر رکھا ہے۔

بعد ازاں عائشہ جہانزیب کی فریاد پر پولیس نے ان کے شوہر حارث کو گرفتار کرلیا تھا، ان پر تشدد کا نوٹس وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی لیا تھا اور ان کے شوہر کو گرفتار کرکے کڑی سزا دینے کا حکم دیا تھا۔

پولیس نے عائشہ جہانزیب کی گرفتاری کے بعد ان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا اور بعد ازاں انہیں لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا اور 19 جولائی کو اسی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عائشہ جہانزیب بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔

سما ٹی وی کے مطابق عائشہ جہانزیب نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ ان کی شوہر کے ساتھ صلح ہوگئی اور انہوں نے عدالت کے سامنے اپنی مرضی سے شوہر کے ساتھ راضی نامے کی تصدیق کی۔

انہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ جو ان کے ساتھ ہوا، وہ کسی بھی خاتون کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے لیکن انہوں نے اپنی رضامندی سے شوہر کے ساتھ صلح کی۔

عائشہ جہانزیب کے بیان کے بعد عدالت نے ان کے شوہر حارث کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ ان کی بریت کا معاملہ پولیس چالان کے مطابق ہوگا۔

عائشہ جہانزیب نے عدالت میں شوہر کے ساتھ صلح کا بیان دیے جانے کے بعد انسٹاگرام پر خود پر تشدد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہت درد اور تکالیف برداشت کیں۔

انہوں نے پوسٹ میں عدالت میں دیے گئے بیان یا شوہر کے ساتھ راضی نامے سے متعلق کچھ نہیں لکھا، تاہم میڈیا سے التجا کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ذاتی زندگی اور پرائیویسی کا خیال رکھا جائے۔

دوسری جانب ان کے شوہر حارث کی جانب سے میڈیا سے بات کرنے کی مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں وہ دعویٰ کرتے سنائی دیتے ہیں کہ ان پر جھوٹا مقدمہ دائر کیا گیا۔

ٹی وی میزبان کے شوہر کا کہنا تھا کہ میڈیا اور حکومتی مشینری کے تعلقات کو استعمال کرکے ان کے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کے کہ دینے سے ہی حقائق ثابت ہوتے تو پھر عدالتوں کی ضرورت ہی نہ تھی، ان پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ عائشہ جہانزیب کو حارث سے دو بچے بھی ہیں اور ٹی وی میزبان کی ان کے ساتھ دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کے پہلے شوہر جہانزیب کینسر کے باعث چل بسے تھے۔

ٹی وی میزبان کو پہلی شادی سے تین بچے جب کہ دوسری شادی سے دو بچے ہیں اور پانچ بچوں کی والدہ ہیں، ان کے بڑے بچے کی عمر 17 سال تک ہے جب کہ سب سے چھوٹے بچے کی عمر 6 سال تک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024