• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سندھ ہائیکورٹ: وزارت داخلہ، آئی جی کو ’لاپتا‘ تاجر کی بازیابی کی درخواست پر نوٹس جاری

شائع July 26, 2024
—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

سندھ ہائی کورٹ نے ایک معروف کاروباری شخصیت کی بازیابی کی درخواست پر وزارت داخلہ، صوبائی محکمہ داخلہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے جنہیں مبینہ طور پر منگل کو اغوا کیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جسٹس کوثر سلطانہ حسین کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کلری تھانے کے ایس ایچ او کو 30 جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کردی۔

عنبر ذوالفقار نے سندھ ہائی کورٹ کو درخواست دی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے شوہر اور پراچہ ٹیکسٹائل ملز ، میزان گروپ کے مینیجنگ ڈائریکٹر ذوالفقار احمد کو 23 جولائی کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا جب وہ اپنے ایک دوست قیصر کے ہمراہ اپنے دفتر سے کلفٹن جا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کی گاڑی کو آگرہ تاج کے قریب ماڑی پور روڈ پر ایک ڈبل کیبن گاڑی نے روکا اور 8 مسلح افراد نے ذوالفقار احمد اور ان کے دوست کو اغوا کر لیا، تاہم، انہوں نے بعد میں قیصر کو رہا کر دیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے عرض کیا کہ ملز کے مینیجر کی طرف سے کلری ایس ایچ او کو ایف آئی آر کے اندراج کے لیے تحریری شکایت بھی پیش کی گئی، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے شوہر کو جعلی مقدمات میں پھنسایا جا سکتا ہے یا مدعا دہندگان کی طرف سے مرحلہ وار انکاؤنٹر میں مارا جا سکتا ہے کیونکہ انہیں ابھی تک کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے عدالت سے کہا کہ وہ متعلقہ پولیس حکام کو ہدایت دیں۔

اس نے کلری کے ایس ایچ او کو اپنے شوہر کے مبینہ اغوا کے بارے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی مانگی۔

ابتدائی سماعت کے بعد بینچ نے اپنے حکم میں کہا کہ جواب دہندگان، ایڈووکیٹ جنرل سندھ، پراسیکیوٹر جنرل سندھ کے ساتھ ساتھ ڈی اے جی کو 30 جولائی 2024 کے لیے نوٹس جاری کیا جائے، جب مدعا علیہ نمبر 7 (ایس ایچ او کلری ) کو اس عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی ٹی ڈی نے ڈی آئی جی کو طلب کر لیا

سندھ ہائی کورٹ کے اسی بینچ نے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کو مبینہ طور پر لاپتا شخص کو مبینہ مقابلے میں مارے جانے کے مقدمے میں ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

نقیب اللہ نے 6 جون کو سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی کہ ان کے بھائی عمر فاروق 14 مئی کو سرجانی ٹاؤن سے لاپتا ہوگئے تھے اور ان کی بازیابی کی درخواست کی تھی۔

جسٹس کوثر سلطانہ حسین کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لاپتا شخص کو گزشتہ ماہ سی ٹی ڈی نے اٹھایا تھا اور ایک اخبار میں ان کی گرفتاری کی خبر بھی شائع ہوئی تھی۔

انہوں نے اخبار کی کاپی کے ساتھ بیان درج کرایا اور کہا کہ عمر کو سی ٹی ڈی نے مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں مارا تھا۔

بینچ نے وفاقی اور صوبائی لا افسر، ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اور رینجرز کے پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت سے قبل بیان پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔

عدالت نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو 13 اگست کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

یاد رہے کہ 24 جولائی کو سی ٹی ڈی نے عمر فاروق عرف ڈاکٹر کو مبینہ مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024