• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شگفتہ اعجاز تہمتیں لگانے والوں پر بات کرتے آبدیدہ ہوگئیں

شائع August 2, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز خود پر تہمتیں لگانے والے افراد کو جواب دیتے ہوئے ویڈیو میں آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ وہ الزامات لگانے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

شگفتہ اعجاز نے یوٹیوب پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس کے آغاز میں انہوں نے یوٹیوب پر کیے جانے والے نفرت انگیز کمنٹس کے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔

اداکارہ نے جن کمنٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے، وہ ان کی مختلف یوٹیوب ویڈیوز پر کیے گئے تھے، جن میں وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں دکھائی دیں۔

لوگوں نے ان کی ویڈیوز پر کمنٹس کرتے ہوئے ان پر تہمتیں لگائیں اور ان کی کردار کشی بھی کی، جس کے اسکرین شاٹس انہوں نے ویڈیو میں بھی لگائے۔

ان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے پروڈیوسر یحیٰ سے دولت کی خاطر شادی کی اور اب وہ ان کی بچی ہوئی دولت بھی ہڑپ کرنا چاہتی ہیں۔

شگفتہ اعجاز کی کردار کشی بھی کی گئی اور ان کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال بھی کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے تہمتیں لگانے والوں کے لیے یوٹیوب پر ویڈیو جاری کی۔

اداکارہ مختصر ویڈیو میں تہمتیں لگانے والوں پر بات کرنے کے دوران آبدیدہ بھی ہوگئیں اور ساتھ ہی کہا کہ وہ الزام لگانے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی، قیامت کے دن وہ ان کا گریبان پکڑیں گی۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ دبئی میں عیاشیاں کرنے نہیں آئیں بلکہ ان کا ایک بینک اکاؤنٹ تھا جو بند ہوگیا اور اس میں جمع پیسے حکومت کے اکاؤنٹ میں چلے گئے، اس لیے وہ اسے کھلواکر اپنے پیسے لینے آئی ہیں کیوں کہ انہیں ضرورت تھی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے دبئی میں اپنے بیگز فروخت کیے تھے، جس کے پیسے بھی انہیں لینے تھے، اس لیے بھی وہ تین دن کے لیے دبئی آئیں۔

اداکارہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں شادی سے پہلے اور بعد میں 35 سال تک کام کیا، انہوں نے پیسوں کی خاطر شادی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یحیٰ سے اپنی پہلی شادی سے ہونے والی بیٹیوں کو والد کا سہارا دینے کے لیے شادی کی اور وہ ان کے والد بنے، یہ ان کا بڑا پن ہے۔

ان کے مطابق شادی کے بعد بھی وہ اپنے تمام اخراجات اٹھاتی ہیں اور وہ اپنی چھوٹی بیٹی کی تعلیم کے اخراجات بھی اٹھاتی ہیں، ان کے شوہر صرف بلز اور ایک ملازم کی تنِخواہ دیتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے یحیٰ سے پیسوں کی خاطر شادی نہیں کی، وہ ان کے سچے ساتھی رہے ہیں۔

ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے شوہر گزشتہ پانچ سال سے کینسر میں مبتلا ہیں اور ان کا علاج جاری ہے اور شوہر کے کینسر میں مبتلا ہونے کی وجہ سے وہ اور ان کا خاندان پریشان ہے، جس کا لوگوں کو احساس نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کو ہر ماہ پیٹ میں ایک انجکشن لگتا ہے جب کہ دوسرا ہر تین ماہ بعد پیٹ میں انجکشن لگتا ہے اور آئے دن انہیں کسی نہ کسی ڈاکٹر کے پاس لے جایا جاتا ہے۔

شگفتہ اعجاز نے سوال کیا کہ ان کے بیمار شوہر کا علاج ان پر تہمتیں لگوانے والے کرواتے ہیں؟

مختصر ویڈیو میں شگفتہ اعجاز تہمتیں لگانے والوں پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور الزام لگانے والوں کو معاف نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024