ایس ای سی پی نے جعلی تجارتی پلیٹ فارم کے حوالے سے خبردار کردیا
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایک غیر قانونی ٹریڈنگ پلیٹ فارم کی نشاندہی کی ہے جس کو مختلف سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے فروغ دیا جا رہا ہے، اس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹوں میں ٹریڈنگ پر خاطر خواہ منافع کا جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایویوا انویسٹمنٹ گروپ/ ایچ 1 ایویوا سیکیورٹیز ایکسچینج اکیڈمی/ ایویوا انویسٹمنٹ لمیٹڈ کے نام سے کام کر رہا ہے یہ پلیٹ فارم برطانیہ میں قائم اثاثہ جات کی انتظامی کمپنی، ایویوا انویسٹرز کے ساتھ وابستگی کا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے، تاہم، ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ایویوا کے سرمایہ کاروں نے اپنی ویب سائٹ پر اسکام الرٹ جاری کردیا ہے۔
ایویوا سرمایہ کاروں نے خبردار کیا کہ غیر قانونی پلیٹ فارم کے آپریٹرز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیر مجاز تجارتی سرگرمیاں کرنے کے لیے کمپنی کے نام کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
ایس ای سی پی نے کہا کہ یہ کمپنی پاکستان اسٹاک ایکسچینج یا بین الاقوامی اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی تجارت کے لیے کسی پلیٹ فارم کو چلانے کے لیے نہ تو رجسٹرڈ ہے اور نہ ہی لائسنس یافتہ ہے۔
ایس ای سی پی نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ ’ایویوا انویسٹمنٹ گروپ، ایچ ون-ایویوا سیکیورٹیز ایکسچینج اکیڈمی/ایویوا انویسٹمنٹ لمیٹڈ‘ یا ایسے کسی تجارتی پلیٹ فارم کے ساتھ فنڈز جمع نہ کریں اور نہ ہی انویسٹمنٹ کریں جو ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ نہیں ہیں، انہوں نے بتایا کہ تجارت صرف ایس ای سی پی سے منظور شدہ بروکرز کے ذریعے کی جانی چاہیے۔
غیر قانونی کمپنی کا نام ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب غیر مجاز سرگرمیوں میں ملوث کمپنیوں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے، مزید برآں، ایس ای سی پی نے یہ معاملہ متعلقہ حکام کو تحقیقات اور ضروری کارروائی کے لیے بھیج دیا ہے۔