• KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am
  • KHI: Fajr 5:44am Sunrise 7:05am
  • LHR: Fajr 5:23am Sunrise 6:50am
  • ISB: Fajr 5:31am Sunrise 7:00am

ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں میڈل کے حصول کیلئے قوم سے دعاؤں کی اپیل

شائع August 7, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی باری میں ہی 86.59 میٹر کی تھرو کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا، جس پر انہوں نے اپنی قوم کا شکریہ ادا کیا اور فائنل میں دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھنے کی اپیل کی۔

پیرس میں موجود پاکستان کے اولمپیئن جیولین تھرور ارشد ندیم نے ڈان ڈاٹ کام کو خصوصی طور پر ایک ویڈیو ریکارڈ کرکے بھیجی جس میں انہوں نے قوم کے لیے پیغام جاری کیا۔

ڈان کو بھیجی گئی ویڈیو میں انہوں نے کہا ’آپ کی دعاؤں سے اللہ نے مجھے عزت بخشی، آپ سب کی دعاؤں کا بے حد شکریہ‘۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میں نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو میں فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، اور یہ آپ سب کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہورہی ہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پہلے ہی تھرو میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، فائنل 8 اگست کو ہے جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 25 منٹ پر ہوگا۔

ارشد ندیم نے مزید کہا کہ میرے لیے دعا کریں کہ فائنل میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کے لیے میڈل لاسکوں۔

جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچنے والے ایتھلیٹ

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے پہلے مرحلے میں ارشد ندیم کی طرح دیگر کھلاڑیوں نے بھی پہلے ہی تھرو میں فائنل میں جگہ بنائی۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے ابتدائی راؤنڈ میں 32 ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، اور دونوں گروپس سے ٹاپ 6 جیولن تھرور فائنل میں پہنچ گئے۔

عالمی چیمپئن بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89.34 میٹر کی تھرو کی اور وہ مجموعی طور پر دونوں گروپس میں سب سے بڑی تھرو کرنے میں پہلے نمبر پر رہے۔

گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اینڈرسن پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور وہ دوسرے نمبر پر رہے، ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھرو کرکے تیسرے نمبر پر رہے، حیران کن طور پر مجموعی طور پر سب سے بڑی تھرو کرنے والے تینوں کھلاڑیوں کا تعلق گروپ بی سے تھا۔

یورپین چیمپئن جرمنی کے جولین ویبر 87.76 میٹر کی تھرو کی اور وہ مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر رہے۔

کینیا کے ریو 2016 کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے جولیس ییگو نے اپنی تیسری کوشش میں 85.97 میٹر کے تھرو کے بعد فائنل میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 7 دسمبر 2024
کارٹون : 6 دسمبر 2024