• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پرحملہ، 4 ایف سی اہلکار شہید

شائع August 14, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

جنوبی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملے میں 4 فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکار شہید جبکہ 27 دیگر زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا اور تیازا کے درمیان موجود چیک پوائنٹ مامی خیل پر دہشت گردوں کی جانب سے آر پی جیز اور بھاری اسلحے سے حملہ کیا گیا۔

سیکیورٹی چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کی بروقت جوابی کارروائی اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہوگئے۔

حملے میں شہید اور زخمی اہلکاروں کو وانا کے جنوبی وزیرستان اسکاؤٹس ہسپتال منتقل کیا گیا، دہشت گردوں سے جھڑپ میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں حوالدار نثار بدا خیل، لانس نائیک رشید منگل، لانس نائیک عرفان اور سپاہی عثمان گجر شامل ہیں۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔

اس سے قبل 12 اگست کو جنوبی وزیرستان کی تحصیل ٹوی خلہ کے علاقے زیر میلان میں بھی ایف سی کی چیک پوائنٹ کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

حملہ آوروں کی جانب سے چیک پوائنٹ پر فائرنگ کی گئی تھی، جس پر چیک پوائنٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

قبائلی رہنما قتل

باجوڑ کی تحصیل بارانگ میں 12 اگست کے روز ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں قبائلی رہنما جاں بحق ہوگئے جبکہ ساتھی قبائلی رہنما زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

علاقے کے رہائشی اور پولیس نے ڈان اخبار سے بات چیت میں بتایا کہ دھماکا تحصیل ا اصیل ترغاو کے علاقے سپارے میں پیش آیا، جب قبائلی رہنما ملک یار خان اور ملک روزی خان قریبی علاقے میں تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

تاہم دھماکے میں ملک یار خان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ملک روزی خان زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیے گئے، ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق سڑک پر موجود آئی ای ڈی بم نصب کیا گیا تھا۔

پنجگور میں 2 حملہ آور ہلاک

بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈپٹی کمشنر پنجگور پر حملے میں ملوث دو حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی بلوچستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایف سی، پولیس اور لیویز کی جانب سے ڈپٹی کمشنر پنجگور پر حملے کے بعد رات کو جوائنٹ آپریشن کیا گیا تھا۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مشترکہ آپریشن کے دوران حملہ آوروں سے شدید جھڑپوں کے بعد 2 مشتبہ حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر پنجگور ظہیر حسین کی نماز جنازہ کوئٹہ کے سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیر داخلہ ضیااللہ لانگو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان، انسپیکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ اور دیگر سول اور فوجی افسران نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024