• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

چیمپئنز کپ: افتتاحی میچ میں مارخورز نے پینتھرز کو 160 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا

شائع September 13, 2024
مارخورز کی اننگز کی خاص بات کامران غلام کی سنچری تھی — فوٹو: پی سی بی
مارخورز کی اننگز کی خاص بات کامران غلام کی سنچری تھی — فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ چیمپئنز کپ کے افتتاحی میچ میں یو ایم ٹی مارخورز نے کامران غلام کی سنچری، عبدالصمد اور افتخار احمد کی نصف سنچریوں اور پھر نسیم شاہ اور عاکف جاوید کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت لیک سٹی پینتھرز کو 160 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں لیک سٹی پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کی یو ایم ٹی مارخورز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔

مارخورز کی اننگز کی خاص بات کامران غلام کی سنچری تھی جنہوں نے 102 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 115 رنز اسکور کیے۔ یہ لسٹ اے ون ڈے میں ان کی ساتویں سنچری ہے۔

فخر زمان کے 17 اور محمد فیضان کے 34 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کامران غلام نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 133 رنز کا اضافہ کیا۔ رضوان تین چھکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کامران غلام اور افتخار احمد کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنے۔

افتخار احمد نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے اور عبدالصمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا۔

عبدالصمد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 62 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔

پینتھرز کی طرف سے مبصر خان اور محمد حسنین 2، 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

پینتھرز نے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو عاکف جاوید اور نسیم شاہ کی باؤلنگ نے اسے کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

عبدالواحد بنگلزئی 4، صائم ایوب 20، اذان اویس ایک، عثمان خان 8، حیدر علی 2 اور کپتان شاداب خان 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دسویں اوور کے اختتام پر پینتھرز کی 6 وکٹیں صرف 52 رنز پر گر چکی تھیں۔

عماد بٹ نے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے مبصر خان کے 33 رنز کے ساتھ 59 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ اسامہ میر کے 21 رنز کے ساتھ بھی 59 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم ان کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی۔

پینتھرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 34.5 اوورز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

نسیم شاہ نے 27 رنز دے کر 3 جبکہ عاکف جاوید نے 43 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025