• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری، امریکا کا جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کردیا

شائع September 27, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے لیے اپنے سب سے بڑے اتحادی امریکا اور عالمی مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے لبنان پر حملے جاری رکھے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں افراد شہید ہو چکے ہیں اور خطے میں مکمل جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزرات صحت نے بیان دیا ہے کہ ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے دارالحکومت بیروت میں فضائی حملہ کیا جس میں 2 افراد شہید اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں حزب اللہ کے ایئر فورس یونٹ کے سربراہ محمد سرور بھی شہید ہوگئے ہیں۔

حملے کے بعد حزب اللہ کے نشریاتی ادارے المنار ٹی وی نے ایک عمارت کی بالائی منزل کی تباہ شدہ تصاویر نشر کیں جس میں حزب اللہ کی متعدد تنصیبات واقع تھی۔

دوسری طرف، اسرائیلی فوج نے لبنان کے ساتھ ملحقہ سرحد پر زمینی حملے کی تیاری کرتے ہوئے فوجی مشق کی، اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل تومر بار نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ زمینی آپریشن کی صورت میں فوجیوں کی مدد کرے گی اور ایران سے ہتھیاروں کی منتقلی کو روکے گی۔

دوسری طرف، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لیے امریکا پہنچنے پر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ فوج حزب اللہ پر پوری قوت سے حملہ جاری رکھے گی اور ہم اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کر لیتے، جس میں سے اہم شمالی علاقوں کے رہائشیوں کی بحفاظت ان کے گھروں پر واپسی ہے۔

اسرائیل کے اس مؤقف نے لبنان کی طرف سے فوری جنگ بندی کے مطالبے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 2006 کی بڑی جنگ کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر شدید بمباری کے دوران لاکھوں افراد اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

قبل ازیں امریکا، فرانس اور دیگر اتحادیوں نے لبنان- اسرائیل سرحد پر 21 روز کے لیے فوری جنگ کا مطالبہ کیا تھا، انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبہ کی حمایت کا اعلان بھی کیا ہے۔

اسرائیل کی لبنان پر بمباری میں اب تک 600 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ جوابی حملہ میں حزب اللہ نے بھی اسرائیل میں اس کے تجارتی مرکز تل ابیب سمیت مختلف اہداف پر سیکڑوں میزائل داغے ہیں۔

اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے لبنان اور شام کی سرحد پر حزب اللہ کو ہتھیاروں کی ترسیل کو روکنے کے لیے تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملوں میں شہید ہونے والے زیادہ تر افراد شام کے شہری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024