• KHI: Fajr 5:07am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:37am Sunrise 6:00am
  • KHI: Fajr 5:07am Sunrise 6:23am
  • LHR: Fajr 4:34am Sunrise 5:55am
  • ISB: Fajr 4:37am Sunrise 6:00am

عالمی ریکارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع September 27, 2024
—فائل/فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
—فائل/فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر

عالمی ریکارڈ یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے 25-2024 کے ڈومیسٹک سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق علیم ڈار جنہیں دنیا کے سب سے زیادہ قابل احترام اور قابل تعریف کرکٹ امپائرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے 25-2024 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

علیم ڈار کا شاندار اور باوقار کریئر ایک چوتھائی صدی پر محیط ہے، میدان میں اور میدان کے باہر ایک حقیقی جنٹلمین کے طور پر دیکھے جانے والے علیم آئی سی سی امپائر آف دی ایئر (2011-2009) کے لیے ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی کے تین بار فاتح بھی ہیں۔

56 سالہ علیم نے 1986 سے 1998 کے درمیان 17 فرسٹ کلاس اور 18 لسٹ اے میچز کھیلے۔

انہوں نے 1998 کی قائداعظم ٹرافی کے دوران فرسٹ کلاس امپائرنگ کا آغاز کیا، 2003 سے 2023 تک انہوں نے امپائرز کے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے اپنی انتظامی مہارت، کھیل کے حالات کی سمجھ بوجھ، پرسکون رویے اور شاندار فیصلہ سازی کے لیے عالمگیر شہرت حاصل کی۔

وہ ان دنوں پی سی بی کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں اور آئی سی سی کے بین الاقوامی پینل کے چار پاکستانی امپائرز میں سے ایک ہیں جس کی وجہ سے وہ ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے اہل ہیں۔

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے اب تک ریکارڈ 145 ٹیسٹ، 231 ون ڈے انٹرنیشنل، 72 ٹی 20انٹرنیشل، 5 ویمنزٹی 20 انٹرنیشنل، 181 فرسٹ کلاس میچز، اور 282 لسٹ اے میچز میں امپائرنگ کی ہے۔

علیم ڈار کا ریٹائر ہونے کے اپنے فیصلے پر کہنا ہے کہ تقریباً 25 سال سے امپائرنگ میری زندگی رہی ہے اور میں نے اس نسل کے عظیم ترین کھلاڑیوں پر مشتمل چند انتہائی یادگار میچوں میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے پورے کریئر میں کھیلوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے اور دنیا کے چند بہترین میچ آفیشلز کے ساتھ کام کرنا اعزاز کی بات ہے، تاہم تمام عظیم سفر بالآخر اختتام کو پہنچتے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنے سماجی اور چیریٹی کاموں پر پوری توجہ مرکوز کروں۔

انہوں نے کہا کہ میرا ہسپتال پروجیکٹ اور دیگر اقدامات میرے دل کے بہت قریب ہیں اورانہیں میری پوری لگن اور توجہ کی ضرورت ہے۔

علیم ڈار کا کہنا ہے کہ اپنے ساتھیوں کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ امپائرنگ میں تقریباً وہ سب کچھ حاصل کرنے کے بعد جس کی میں نے خواہش کی تھی، میں یہ بھی محسوس کرتا ہوں کہ ایک طرف ہوجانا اور ابھرتے ہوئے امپائرز کو ابھرنے اور چمکنے دینے کا یہ صحیح وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ انہیں بھی کرکٹ کے عظیم کھیل پر اپنی شناخت بنانے اور فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے ایسے ہی مواقع ملیں گے, میں اس سیزن میں امپائرنگ کرتا رہوں گا جو میرا آخری سیزن ہوگا۔

علیم ڈار کا کہنا تھا کہ میچ آفیشلز کی اگلی نسل کی رہنمائی اور معاونت کے لیے پرعزم ہوں اور میں اس عظیم شعبے میں کریئر بنانے والوں کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ دستیاب رہوں گا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 28 ستمبر 2024
کارٹون : 27 ستمبر 2024