سری لنکا سے 56 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی
سری لنکا میں کئی سالوں سے قید 56 پاکستانیوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے پاکستان لایا جارہا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں سری لنکا سے 56 پاکستانی قیدی کی واپسی سے متعلق بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ان پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے اخراجات کو اٹھانے میں رضا مندی ظاہر کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قیدیوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے پر کابینہ کے دونوں ارکان کی کاوشوں کو سراہا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس سے قبل قیدیوں کو پاکستان واپس لانے کے لیے ایک چارٹرڈ طیارہ روانہ کیا گیا تھا۔
قیدیوں کی وطن واپسی محسن نقوی اور سری لنکن حکام کی ہدایت پر وزارت داخلہ کے درمیان تین ماہ کے تعاون کا نتیجہ ہے۔
محسن نقوی نے وزارت کو پاکستانی شہریوں کی رہائی اور واپسی میں سہولت فراہم کرنے کا کام سونپا تھا، انہوں نے اس معاملے میں مدد پر سری لنکا کی حکومت اور اس کے ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے قیدیوں کو گھر پہنچانے کی مالی ذمہ داری فراخدلی سے اٹھانے پر وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔