• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ماضی میں ریما خان سے شادی کی خواہش کے سوال پر شان شاہد کی وضاحت

شائع October 10, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

مقبول فلمی ہیرو شان شاہد نے ماضی میں ساتھی اداکارہ ریما خان سے تعلقات اور ممکنہ طور پر ان سے شادی کی خواہش پر واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جوڑی کو دیکھ کر لوگوں کو لگتا تھا میں اور ریما ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔

شان شاہد حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

اسی پروگرام میں انہوں نے انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں 2011 میں انہیں مشہور ڈرامے ’ہمسفر‘ میں فواد خان کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی مگر انہوں نے مصروفیت کی وجہ سے اس میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اسی پروگرام میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ماضی میں واقعی ریما خان سے شادی کرنا چاہتے تھے؟

اس پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور ریما خان نے ایک ساتھ فلمی کیریئر شروع کیا تھا، دونوں نے محض 16 سال کی عمر میں فلم ’بلندی‘ سے کیریئر شروع کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 16 سال کی عمر میں کسی کے ذہن میں بھی صرف شادی کا خیال نہیں ہوتا، وہ ایسی عمر ہوتی ہے کہ انسان ہر وقت خوش رہتا اور گھومتا پھرتا ہے۔

شان شاہد کے مطابق اس وقت ان کی اور ریما خان کی جوڑی مقبول ہوئی اور انہیں ایک ساتھ کاسٹ کیا جانے لگا، وہ دونوں پہاڑوں، جنگلوں اور خوبصورت نظاروں کے درمیان شوٹنگ کے وقت ایک دوسرے اظہار محبت کرتے دکھائی دیتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دونوں اداکار تھے اور انہیں اداکاری کرنے، ایک دوسرے سے پیار کرنے اور ایک ساتھ گھومنے کے بھی پیسے ملتے تھے۔

شان شاہد کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا، چوں کہ وہ ہر وقت فلموں میں پیار کرتے دکھائی دیتے تھے، ہمیشہ ایک ساتھ ہوتے تھے، اس لیے لوگوں کو لگتا تھا کہ ان کے درمیان محبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ اداکاری یا شوٹنگ کے وقت کسی سے اظہار محبت بھی اس طرح کیا جاتا ہے کہ وہ حقیقی لگے اور انہوں نے ایسا ہی کیا، جس وجہ سے لوگ سمجھتے تھے کہ ان کے آپس میں تعلقات ہیں۔

اگرچہ شان شاہد نے ریما خان کے ساتھ اپنی جوڑی کو پسند کیے جانے پر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ کم عمری سے ہی شوبز کیریئر شروع کرنے کی وجہ سے ان کے ذہن میں شادی کا خیال نہیں ہوتا تھا لیکن اس بات کا واضح جواب نہیں دیا کہ وہ اور ریما خان شادی کرنا چاہتے تھے یا نہیں؟

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ دونوں صرف اسکرین پر رومانس کرتے تھے اور لوگوں کو لگتا تھا کہ ان کے آپس میں تعلقات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024