اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنی بیماری سے متعلق دلچسپ واقعہ شیئر کر دیا
پاکستان کی نامور اداکارہ اُشنا شاہ نے اپنی بیماری سے متعلق دلچسپ واقعہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہیں جس نے ان کے کریئر کو شدید متاثر کیا ہے۔
اُشنا شاہ ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل 365 کے پروگرام ’آفٹر آرز ود اُشنا شاہ‘ کی میزبانی کر رہی ہیں، جس میں مختلف شوبز شخصیات کو مدعو کیا جاتا ہے، جہاں وہ اپنی اپنی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہیں۔
اداکارہ نے گزشتہ روز اپنے ایک پروگرام کی میزبانی کے دوران ایک بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا، انہوں نے بتایا کہ وہ ’پراسوپیگنوسیا‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں (اس بیماری میں لوگوں کے چہرے یا نام یاد نہیں رہتے، جسے عام زبان میں فیس بلائنڈنیس بھی کہا جاتا ہے)۔
اُشناہ نے بتایا کہ اس کی وجہ سے وہ آسانی سے اُن لوگوں کے چہرے یا نام یاد نہیں رکھ پاتیں جن سے وہ ملی ہیں، مزید کہا کہ یہ بیماری اتنی بری ہے کہ اس نے ان کے کام کو بھی متاثر کیا۔
اداکارہ نے اس حوالے سے ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا، انہوں نے بتایا کہ چند سال قبل کسی نے انہیں اداکار اختر حسنین کے بارے میں غلط خبر دی تھی کہ وہ جانوروں کے ساتھ نارواں سلوک کرتے ہیں، میں نے ان کو فون کرکے بہت غصہ کیا، میں جب جم جاتی تھی تو مجھے کسی نے بتایا کہ یہ وہی اختر حسنین ہیں، میں نے ان سے بالکل بات نہیں کی۔
اُشنا شاہ نے مزید بتایا کہ کچھ ماہ بعد میں نے اختر حسنین کے ساتھ ایک ڈرامے میں اداکاری کی،جس میں وہ میرے چچا بنے تھے، میں صبح جم میں ان سے بالکل بات نہیں کرتی تھی اور ڈرامے کے سیٹ پر میں ان کے ساتھ مختلف موضوعات پر گفتگو کرتی تھی،کچھ دنوں بعد انہوں نے میرے اس رویے کی وجہ سے مجھ سے بات کرنا چھوڑ دی۔
اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد میں نے انہیں سوشل میڈیا پر فالو کیا، جب میں نے ان کی جم میں لی گئی تصویر دیکھی تو میں وہ دیکھ کر شرم سے ڈوب گئی، اس کے بعد میں نے انہیں ایک میسج بھیجا جس پر اختر حسنین نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ تم دل کی اچھی ہو، لیکن مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ تمہارے ساتھ کیا مسئلہ ہوگیا ہے، ان سب کے بعد میں نے انہیں اپنا یہ مسئلہ بتایا تھا۔
اُشنا شاہ نے بتایا کہ ان کی والدہ بھی اسی بیماری میں مبتلا تھیں، اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ گھر کا پتا بھی نہیں یاد رکھ سکتیں۔
اُشنا شاہ کا شمار پاکستان کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنی اداکاری سے کئی مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہے، ان دنوں اداکارہ کا ڈرامہ ’غیر‘ آن ایئر ہے جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔