فخر، امام اور اسامہ میر کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم کیے جانے کا انکشاف
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے امام الحق، اسامہ میر اور فخر زمان کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی پر سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پی سی بی میں موجود اندرونی ذرائع نے بتایا کہ تینوں کھلاڑیوں فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مایہ ناز جارح مزاج بلے باز فخر زمان دو مرتبہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی سے دوچار ہوئے جب کہ اوپنر امام الحق اور لیگ اسپنر اسامہ میر بھی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تینوں کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ لازمی پاس کرنے کے بعد ہی سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا اور آئندہ ماہ ان تینوں کے دوبارہ فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اور اگر یہ تینوں اس ٹیسٹ کو پاس کر لیتے ہیں تو انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نعمان علی کا فٹنس کا معیار بھی درکار معیار سے کم تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کی بنیاد پر انہیں سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جو فٹنس سے ہی مشروط ہے۔