• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

عاطف اسلم نے مجھ سے، میں نے فرحان سعید سے معافی مانگی، گوہر ممتاز

شائع October 28, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار، اداکار و موسیقار گوہر ممتاز نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے خلاف میڈیا پر منفی اور غلط باتیں کہنے پر عاطف اسلم نے ان سے جب کہ انہوں نے بھی فرحان سعید سے معافی مانگی۔

گوہر ممتاز نے حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں ماضی میں اپنے ساتھ ’جل‘ میوزک بینڈ میں کام کرنے والے عاطف اسلم اور فرحان سعید سے تعلقات پر کھل کر بات کی۔

گلوکار نے بتایا کہ بینڈ کی کامیابی کے چند سال بعد جب گانا ’عادت‘ مشہور ہوا تو عاطف اسلم نے بینڈ کو خیرباد کہ دیا تھا اور انہوں نے منفی باتیں کرنا شروع کردی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں عاطف اسلم کی منفی باتوں پر سب سے زیادہ دکھ ثمینہ پیرزادہ کے انٹرویو میں کی گئی باتوں پر ہوا، جس میں گلوکار نے ان کے خاندان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

گوہر ممتاز کے مطابق عاطف اسلم نے ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے انٹرویو میں نہ صرف ان کے خلاف بلکہ ان کے اہل خانہ کے خلاف بھی منفی باتیں کیں، جس پر انہیں کافی دکھ ہوا تھا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ عاطف اسلم نے مذکورہ انٹرویو کے بعد انہیں فون کرکے ان سے معذرت بھی کی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے غلط باتیں کہیں۔

گوہر ممتاز نے کہا کہ عاطف اسلم نے انہیں بتایا کہ ثمینہ پیرزادہ نے ان سے طرح سوال کیا کہ وہ باتوں کا خیال ہی نہ رکھ سکے اور کچھ منفی باتیں بھی کہ گئے، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عاطف اسلم سے پہلے بھی ان کے اچھے تعلقات تھے اور اب بھی ان کے درمیان اچھے روابط ہیں، ان کے درمیان جو غلط فہمی پیدا ہوئی تھی وہ عاطف اسلم کی معذرت سے ختم ہوگئی۔

اسی پروگرام میں گوہر ممتاز نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے بھی منفی باتیں کہنے پر فرحان سعید سے معذرت کی۔

ان کے مطابق انہوں نے بھی ایک پوڈکاسٹ میں فرحان سعید سے متعلق کچھ باتیں کیں، جنہیں ایڈٹ کرکے پیش کیا گیا، ان کے کہنے کا مطلب وہ نہیں تھا جو نشر کیا گیا لیکن اس باوجود انہوں نے فرحان سعید سے معذرت کی تھی۔

گوہر ممتاز کے مطابق پوڈکاسٹ وائرل ہونے کے بعد انہوں نے فرحان سعید کو فون کرکے مکمل تفصیلات بتائیں کہ انہوں نے کیا کہا تھا اور ان کے بیان کو کس طرح ایڈٹ کرکے پیش کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فرحان سعید سے معذرت کی اور ان کے درمیان ابھی تک اچھے تعلقات ہیں، پہلے بھی ان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں تھے۔

ایک اور سوال کے جواب میں گوہر ممتاز نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ اب وہ اور فرحان سعید یا پھر عاطف اسلم مل کر اپنے میوزک بینڈ ’جل‘ کو متحرک نہیں کر سکتے، اب سب لوگ مصروف ہو چکے ہیں، ہر کسی کے ہزاروں کام ہیں۔

خیال رہے کہ ’جل‘ بینڈ کو 2002 میں بنایا گیا، ابتدا میں عاطف اسلم اس کے مرکزی گلوکار تھے، بعد ازاں انہوں ںے بینڈ چھوڑ دیا تھا۔

ان کے چھوڑنے کے بعد فرحان سعید نے بینڈ کو مرکزی گلوکار کے طور پر جوائن کیا لیکن بعد ازاں وہ بھی بینڈ چھوڑ گئے۔

گوہر ممتاز شروع سے ہی بینڈ کا حصہ تھے اور انہیں بینڈ کا تخلیق کار بھی سمجھا اور کہا جاتا ہے، اب مذکورہ بینڈ غیر متحرک ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024