پنجاب کے مقابلے میں کراچی کے مرد اچھے ہیں، عائشہ طور
ماڈل و اداکارہ عائشہ طور کا خیال ہے کہ پنجاب بھر کے مردوں کے مقابلے میں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مرد بہت اچھے ہیں، یہاں کے مرد ایک بار دیکھنے کے بعد اپنے کام میں مصروف ہوجاتے ہیں۔
عائشہ طور نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بہت سارے مسائل ہیں، یہاں پانی نہیں ہوتا، یہاں کی سڑکیں خراب ہیں، یہاں رہنے والے یہاں کے نہیں لیکن اس کے باوجود یہ شہر بہت اچھا ہے۔
ان کے مطابق کراچی کے مرد دوسروں کی زندگی میں مسائل پیدا نہیں کرنا چاہتے، یہاں لوگوں کے پاس اتنا وقت ہی نہیں۔
عائشہ طور کا کہنا تھا کہ کراچی میں زندگی گزارتے وقت بہت سارے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، راستے میں گاڑی خراب ہوجاتی ہے تو کوئی مدد کرنے کو تیار نہیں ہوتا، پانی کے لیے ٹینکر منگوانے پڑتے ہیں۔
اداکارہ نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے شاپنگ مالز کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ باقی شہروں کے شاپنگ مالز کا وہ ماحول نہیں ہوتا جو کراچی کے مالز کا ہوتا ہے۔
ان کے مطابق باقی شہروں کے شاپنگ مالز میں جائیں تو بار بار اپنے کپڑے ٹھیک کرنے پڑتے ہیں لیکن اب انہیں لگتا ہے کہ کچھ عرصے میں کراچی کے ڈولمین مال میں بھی ایسا ہی ہوجائے گا۔
عائشہ طور نے کہا کہ لاہور میں مہمان نوازی زیادہ محسوس ہوتی ہے لیکن وہاں مردانہ سماج کا غلبہ نظر آتا ہے جبکہ کراچی میں ایسا نہیں، یہاں کے مرد روشن خیال ہیں اور مردانہ سماج کا عکس دکھائی نہیں دیتا۔
ماڈل و اداکارہ کے مطابق پنجاب میں ہر کسی کے پاس اپنی زمین اور اپنا سب کچھ ہونے کے باوجود وہ کراچی کے لوگوں سے سوچ میں پیچھے ہیں جبکہ اتنی سہولیات ہونے کی وجہ سے وہ یہاں کے مردوں سے سوچ میں آگے ہونے چاہیے تھے۔
عائشہ طور پر کے مطابق پنجاب جانے کے لیے صرف ایئرپورٹ پر ہی وہاں اتریں تو ماحول دوسرا دیکھنے کو ملتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق کراچی کے لوگ اور مرد اچھے ہیں، یہاں کہ لوگ ایک بار دیکھنے کے بعد اپنے کام میں مصروف ہوجاتے ہیں، تنگ نہیں کرتے، نہ ہی ان کے پاس اتنا وقت ہوتا ہے کہ وہ دوسروں کے لیے مسائل پیدا کریں۔