• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

پیمرا کی جانب سے عدالتی کارروائی سے متعلق خبریں نشر کرنے پر عائد پابندی ختم

شائع November 23, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے عدالتی کارروائی سے متعلق الیکٹرانک میڈیا کو ٹکرز نشر کرنے سے روکنے کی ہدایت کالعدم قرار دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے کہا کہ یہ ہدایات غیر قانونی اور پیمرا آرڈیننس 2002 سے متصادم ہیں کیونکہ یہ ہدایات چیئرمین پیمرا اور کونسل آف کمپلینٹس کو دیے گئے اختیارات سے تجاوز کر کے جاری کی گئی ہیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ محمد شفیع صدیقی اور جسٹس جواد اکبر سروانہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کہا کہ میڈیا کے مواد کو سب سے پہلے آزادانہ عوامی ریگولیٹری باڈی کونسل آف کمپلینٹس کو دیکھنا چاہیے اور ان کی رائے حاصل کرنے کے بعد پیمرا کو کونسل کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرنا چاہیے۔

مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ کیس میں یہ ہدایات پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز براڈ کاسٹ میڈیا) نے اتھارٹی کے چیئرمین کی منظوری سے جاری کی تھیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے ٹکرز، شہ سرخیاں نشر کرنے سے گریز کریں اور صرف عدالت کے تحریری احکامات کو رپورٹ کریں۔

درخواست گزار شاہد حسین، دیگر عدالتی رپورٹرز کے علاوہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے اپنے سیکریٹری علاالدین خانزادہ کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور پیمرا کی اس طرح کی ہدایات کو مسترد کرنے کی درخواست کی تھی۔

عدالت نے کہا کہ آزاد پبلک ریگولیٹری باڈی کونسل آف کمپلینٹس اور حکومتی ریگولیٹری باڈی پیمرا کی بنیادی ذمہ داری یہ یقینی بنانا ہے کہ میڈیا کا مواد آرٹیکل 19 اور 19 اے کے تحت آئین کے مطابق ہو اور پیمرا آرڈیننس، قواعد و ضوابط اور ضابطہ اخلاق کے تحت معقول پابندیوں پر پورا اترے۔

دو رکنی بینچ نے کہا کہ چونکہ میڈیا کے مواد کو عوامی مقام پر پیش کیا جانا ہے، لہٰذا یہ سب سے پہلے اور سب سے اہم ہے کہ ایک آزاد عوامی ادارہ جو معاشرے کے ایک وسیع طبقے کی نمائندگی کرتا ہے، میڈیا کے مواد کا جائزہ لے۔

دو رکنی بینچ نے مزید کہا کہ پیمرا کے وکیل یہ ظاہر کرنے سے قاصر رہے ہیں کہ سیکشن 27 کے تحت اتھارٹی کا اختیار شکایت کونسل کی رائے حاصل کرنے اور اس پر غور کرنے پر منحصر نہیں ہے۔

بینچ نے دونوں درخواستوں میں درخواست گزاروں پر 25، 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں وکلا اپنی ذمہ داری نبھانے میں بری طرح ناکام رہے، انہوں نے نہ صرف عدالت کا وقت ضائع کیا بلکہ عدالت کو گمراہ کرنے کی بھی کوشش کی۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے زیر سماعت عدالتی مقدمات سے متعلق خبر یا ٹکرز چلانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

پیمرا کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ خبروں، حالات حاضرہ اور علاقائی زبانوں کے تمام ٹی وی چینلز زیر سماعت عدالتی مقدمات کے حوالے سے ٹکرز اور خبریں چلانے سے گریز کریں اور عدالتی تحریری حکمناموں کی خبریں بھی رپورٹ نہ کریں۔

اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ عدالت، ٹریبونل میں زیر سماعت مقدمات کے ممکنہ نتیجے کے حوالے سے کسی بھی قسم کے تبصرے، رائے یا تجاویز و سفارشات پر مبنی کوئی بھی مواد نشر نہ کیا جائے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024