’بے بی باجی 2‘ میں شوہر کی موت کا منظر شوٹ کروانا مشکل تھا، جویریہ سعود
اداکارہ جویریہ اور ان کے شوہر اداکار سعود نے مقبول ڈرامے ’بے بی باجی 2‘ میں موت کا منظر شوٹ کرنے پر مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کے لیے مذکورہ شوٹ کروانا مشکل تھا، دونوں نے الگ الگ وقت پر شوٹنگ کروائی۔
’بے بی باجی 2‘ میں بھی جویریہ اور ان کے شوہر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا ہے اور حال ہی میں ڈرامے کی ایک قسط میں سعود کو مرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
ڈرامے میں سعود کی موت کا سن کر جویریہ سعود کی جانب سے کی گئی اداکاری کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں، جس پر لوگوں نے جہاں ان کی اداکاری کی تعریفیں کیں، وہیں اس بات پر دکھ کا اظہار بھی کیا کہ ڈرامے میں سعود کے کردار کو مار دیا گیا۔
ڈرامے میں سعود کی موت اور اس کے بعد جویریہ کی جانب سے شوہر کے موت کی خبر پر دیے گئے رد عمل کی اداکاری کی تعریفیں کیے جانے پر اب دونوں میاں اور بیوی نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
جویریہ اور سعود نے انسٹاگرام پر لائیو نشریات کے دوران اداکاری کی تعریفیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں اداکاروں نے بتایا کہ ڈرامے میں موت کا منظر آنے کے بعد نہ صرف ان کے قریبی دوست اور رشتے دار بلکہ مداح بھی ان سے اظہار ہمدردی کر رہے ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر پیغامات بھجوا رہے ہیں۔
سعود نے بتایا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ان کی موت کا منظر مداحوں کو اتنی تکلیف دے گا، وہ اظہار افسوس اور محبت کرنے پر مداحوں کے مشکور ہیں۔
جویریہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف مداح بلکہ رشتے دار اور دوستوں نے بھی سعود کی موت کے منظر پر دکھ کا اظہار کیا اور سب پریشان رہے۔
جویریہ نے بتایا کہ شوہر کی موت کا منظر شوٹ کروانا مشکل تھا، اس لیے انہوں نے ڈرامے کی ٹیم کو درخواست کی کہ دونوں کی شوٹنگ الگ الگ وقت پر کرائی جائے۔
ان کے مطابق انہوں نے تاحال ڈرامے کی مذکورہ موت کے منظر والی قسط نہیں دیکھی لیکن جنہوں نے بھی قسط دیکھی ہے، سب انہیں اظہار افسوس اور ہمدردی کےپیغامات بھجوا رہے ہیں۔
جویریہ اور سعود نے محبتیں دینے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور اعتراف کیا کہ اس طرح کے مناظر تکلیف دہ ہوتے ہیں، ایسے مناظر کو دیکھنا اور کرنا آسان کام نہیں ہوتا۔