علی ظفر کا ’طیفا ان ٹربل‘ کا سیکوئل بنانے کا عندیہ
گلوکار، میوسیقار و اداکار علی ظفر نے اپنی کامیاب رومانوی و مزاحیہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا سیکوئل بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی وہ سیکوئل فلم بنائیں گے وہ بھی ریکارڈ کمائی کرے گی۔
علی ظفر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مختلف مسائل پر بات کرنے کے دوران پاکستانی اور بھارتی فلم انڈسٹری کے کام میں فرق پر بھی بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے مقابلے بولی وڈ اس لیے کامیاب ہے کہ وہاں تمام لوگ اجتماعی سوچ رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق پاکستان میں لوگ اپنی غلطیاں تسلیم کرتے ہیں نہ غلطیوں سے سیکھنا چاہتے ہیں، جس وجہ سے ہمارے ہاں شوبز انڈسٹری ترقی نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری نہ صرف بھارت بلکہ ایران، چین اور اٹلی سمیت کسی بھی ملک سے سیکھ سکتی ہے لیکن ہمارے ہاں سیکھنے کا کوئی رجحان نہیں۔
علی ظفر کے مطابق پاکستان میں زیادہ تر لوگ انفرادی سوچ رکھتے ہیں اور جو کام کرتے ہیں، وہ کام ایک ہی شخص کے ذہن کی سوچ ہوتی ہے، جس وجہ سے غلطیاں بھی ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت میں کام کرنے کے دوران انہوں نے دیکھا اور پایا کہ وہاں کے لوگ اجتماعی سوچ رکھتے ہیں، جس وجہ سے وہاں کی انڈسٹری آگے ہے۔
ان کے مطابق وہاں کے لوگ یہ سوچ رکھتے ہیں کہ اگر ہماری فلم کامیاب ہوئی تو نہ صرف فلم میں کام کرنے والے افراد بلکہ انڈسٹری کا بھی فائدہ ہوگا اور انڈسٹری پھلے اور پھولے گی لیکن یہی سوچ پاکستان میں نہیں پائی جاتی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ایک ہی فرد کی سوچ ہوتی ہے اور یہ یہاں کے لوگ غلطیوں سے سیکھنا بھی نہیں چاہتے۔
انہوں نے دلیل دی کہ اگر غلطیوں کی نشاندہی کرکے ان سے سیکھا جائے اور انفرادی سوچ کے بجائے اجتماعی ذہن سازی سے کام کیا جائے تو اس کے فوائد نکلیں گے۔
علی ظفر نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ جیسے انہوں نے 2018 کی اپنی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ ہدایت کار احسن رحیم کے ساتھ مل کر کی اور انہوں نے ان سے فلم کی کہانی سمیت ہر مسائل پر بحث کی، جس وجہ سے ان کی فلم اچھی ثابت ہوئی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ فلم کے ہدایت کار احسن رحیم کے ساتھ بحث سے بہت ساری چیزیں واضح ہوئیں اور نتیجہ اچھا نکلا، اب ان کی فلم ایک فرنچائز کی صورت اختیار کر چکی ہے اور وہ اس پر دوسری فلم بھی بنائیں گے۔
علی ظفر کے مطابق وہ جب بھی ’طیفا ان ٹربل‘ پر فلم بنائیں گے، وہ بھی کامیاب جائے گی لیکن فوری طور پر ان کا دوسری فلم بنانے کا ارادہ نہیں۔
گلوکار نے فوری طور پر فلم نہ بنانے کا سبب بتاتے ہوئے بتایا کہ چوں کہ ابھی ان کے ذہن میں کوئی انتہائی اچھوتا خیال نہیں آ رہا، جس وجہ سے وہ ابھی فلم بنانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
خیال رہے کہ ’طیفا ان ٹربل‘ کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں علی ظفر نے خود مرکزی کردار ادا کیا تھا، ان کے ہمراہ مایا علی اسکرین پر دکھائی دی تھیں۔
رومانٹک کامیڈی فلم نے اس وقت ریکارڈ کمائی کی تھی، اب 6 سال بعد علی ظفر نے اس کے سیکوئل بنانے پر لب کشائی کی ہے۔