توقیر ناصر کی والدہ، راحت کاظمی کی دادی بن چکی ہوں، بشریٰ انصاری
حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ اور عماد عرفانی کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہےکہ ماضی میں وہ توقیر ناصر کی والدہ جب کہ راحت کاظمی کی دادی کا کردار بھی ادا کر چکی ہیں۔
بشریٰ انصاری کو رعبدار والدہ اور ساس کے کرداروں میں کافی پسند کیا جاتا ہے اور حال ہی میں انہوں نے اسی حوالے سے فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے جوانی میں ’آنگن ٹیڑھا‘ میں بوڑھی عورت کا کردار ادا کیا تھا اور انہیں کردار ادا کرنے میں پریشانی نہیں بلکہ مزہ آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداکاروں کو کردار کے لیے عمر کا حساب نہیں لگانا چاہیے، ہر کردار کا اپنا مزہ ہوتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ مرد اداکاروں میں نعمان اعجاز اور فیصل قریشی دونوں ہی والد، سسر اور زائد العمر شخص کے کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔
سینیئر اداکارہ کے مطابق اداکار اپنی عمر سے زائد العمر کردار کی پیش کش کو ماضی میں بھی مسترد کرتے تھے، یہ مسئلہ شروع سے رہا ہے۔
انہوں نے ایک اداکارہ کا نام لیے بتایا کہ ماضی میں فلموں کی معروف اداکارہ کو والدہ کے کردار کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے انکار کردیا اور اب بھی ایسا ہی ہوتا ہے کہ عورتیں ماں کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتیں۔
بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ وہ 1986 میں ایک ڈرامے کے اندر خود سے چند سال کم عمر توقیر ناصر کی والدہ کا کردار ادا کرچکی ہیں اور انہیں کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ ماضی میں راحت کاظمی کی دادی کا کردار بھی ادا کر چکی ہیں اور انہیں ایسے کردار ادا کرنے میں مسئلہ نہیں بلکہ مزہ آتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری نے ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیا اور کہا کہ پوری ٹیم نے بہت محنت کی، لکھاری، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اداکاروں نے مل کر کام کیا، تب ہی اتنا اچھا ڈراما بنا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ’تیرے بن‘ ڈراما بھی کافی مقبول ہوا تھا، اس میں بھی وہ شامل تھیں لیکن ’کبھی میں کبھی تم‘ اس سے بھی زیادہ مقبول ہوا، کیوں کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی کہانی کو سادہ اور حقیقی رکھا گیا تھا۔