• KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:27pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:58am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 12:03pm Asr 3:23pm

تاحال متعدد ڈراموں کا معاوضہ نہیں ملا، نادیہ افگن کا انکشاف

شائع December 13, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

زیادہ تر ڈراموں میں نوجوان اداکاروں کی مثالی ماں کا کردار ادا کرنے والی سینیئر اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں تاحال متعدد ڈراموں کا معاوضہ نہیں ملا۔

نادیہ افگن نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں دیگر مسائل سمیت شوبز میں بروقت معاوضے کی ادائیگی نہ کرنے پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بر وقت معاوضے کی ادائیگی کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا اور نہ ہی شوٹنگ سیٹ پر تمام اداکاروں اور عملے کو یکساں سہولیات ملیں گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران انتہائی سینیئر اداکاروں کو بھی نظر انداز کردیا جاتا ہے، انہیں کوئی سہولیات نہیں دی جاتیں، یہاں تک کہ انہیں ہیرو اور ہیروئن کے شوٹنگ کے وقت آرام کرنے کے کمرے میں جانے کی اجازت تک نہیں ہوتی۔

انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران میک اپ آرٹسٹ سے لے کر اسپاٹ بوائے اور دیگر عملے کے ساتھ بھی ناانصافی ہوتی ہے، انہیں کوئی سہولیات نہیں دی جاتیں۔

نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران بہت سارے نئے اداکاروں کو بھی نظر انداز کردیا جاتا ہے، انہیں گرمیوں میں بھی آرام کے لیے ہیرو اور ہیروئن کے کمرے میں جانے اور بیٹھنے کی اجازت تک نہیں ہوتی۔

اداکارہ کے مطابق وہ شوٹنگ شروع کرنے سے پہلے ہر جگہ باتھ روم صاف کرواتی ہیں اور اگر کوئی باتھ روم صاف کرنے والا موجود نہ ہو تو وہ مذکورہ کام خود ہی کرلیتی ہیں، کیوں کہ انہیں وہاں پورا دن گزارنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں بر وقت معاوضہ نہ ملنا عام بات ہے، اداکاروں کو تو پھر بھی پیسے مل جاتے ہیں، باقی اسٹاف کو تین تین ماہ تک تنخواہیں نہیں دی جاتیں۔

انہوں نے کہا کہ شروع میں ہر اداکار کو یہی لگتا ہے کہ شاید وہ نئے ہیں، اس لیے انہیں وقت پر پیسے نہیں ملتے یا انہیں کم پیسے دیے جا رہے ہیں اور پھر یہی سلسلہ مسلسل برقرار رہتا ہے تو ہر کوئی عادی بن جاتا ہے، ہر کسی کے ذہن میں بیٹھ جاتا ہے کہ بروقت معاوضہ نہ ملنا معمول کی بات ہے۔

نادیہ افگن نے انکشاف کیا کہ ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، یہاں تک کہ انہیں تاحال متعدد ڈراموں کا معاوضہ نہیں ملا۔

اداکارہ نے ڈراموں، ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کا نام لیے بغیر بتایا کہ انہیں کافی عرصے سے بہت سارے ڈراموں کے معاوضے نہیں ملے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک ڈائری بنائی ہے، جس میں وہ ان پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کے نام درج کرتی جاتی ہیں، جو بروقت معاوضہ نہیں دیتے اور پھر وہ ان کے ساتھ دوبارہ کام نہیں کرتیں۔

ان کے مطابق مذکورہ ڈائری میں ان اداکاروں کے نام بھی ہے، جن کا رویہ اچھا نہیں ہوتا، وہ تمام افراد کو مذکورہ ڈائری میں بلیک لسٹ کرتی جاتی ہیں۔

نادیہ افگن نے بروقت معاوضے کے لیے آواز اٹھانے اور ہمت کرنے کا کریڈٹ نعمان اعجاز اور ثمینہ احمد کو دیا اور بتایا کہ انہوں نے ہی انہیں اپنے معاوضے کے لیے آواز اٹھانے کی ہدایات کی تھیں اور اب وہ بروقت پیسے نہ ملنے پر بول دیتی ہیں، اب ان کے پیسے کوئی نہیں کھاتا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2024
کارٹون : 13 دسمبر 2024