ریما خان کے ماضی سے متعلق انکشاف کرنے پر ناصر ادیب کو تنقید کا سامنا
ماضی کے مقبول فلم ساز ناصر ادیب کو فلم اسٹار ریما خان کے ماضی سے متعلق انکشاف اور دعوے کرنے پر تنقید کا سامنا ہے جب کہ متعدد شوبز شخصیات نے ان سے اداکارہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کردیا۔
ناصر ادیب نے کچھ دن قبل ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور ہدایت کار یونس ملک کسی فلم کے لیے ہیروئن دیکھنے لاہور کی ہیرا منڈی گئے تھے، جہاں انہیں ریما خان کو بھی دکھایا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیرا منڈی میں انہوں نے ریما خان سمیت متعدد لڑکیوں کو دیکھا لیکن انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا، کیوں کہ انہیں وہ پسند نہیں آئی تھیں۔
ناصر ادیب نے بتایا تھا کہ اگرچہ انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا تھا لیکن بعد ازاں وہ فلموں کی سپر اسٹار بنیں۔
فلم لکھاری کو اداکارہ ریما خان کے ماضی کے حوالے سے انکشاف کرنے پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں شوبز شخصیات اور ٹی وی سے وابستہ افراد نے بھی ان پر تنقید کی۔
ریما خان کے ماضی سے متعلق دعوے کرنے پر ناصر ادیب کو عمران عباس، مشی خان، صنم جنگ اور رابعہ انعم سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
عمران عباس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ناصر ادیب کی جانب سے ریما خان کے ماضی سے متعلق بات کرنے کو باعث شرم قرار دیا اور لکھا کہ آج بھی کچھ لوگ اداکاروں کے ماضی سے متعلق باتیں کرکے دوسروں کو نیچا دکھانے اور پریشان کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں ناصر ادیب کا نام نہیں لکھا اور نہ ہی انہوں نے ریما خان کو مینشن کیا، تاہم انہوں نے فلم ساز کی جانب سے اداکارہ کے ماضی پر بات کرنے کو باعث شرم قرار دیا۔
اداکارہ و ٹی وی میزبان صنم جنگ نے بھی ناصر ادیب کا نام لکھے بغیر اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ وہ کیوں کسی کے ماضی پر اس طرح بات کر رہے ہیں؟
ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے بھی ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لیا اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ ایسے فضول پوڈکاسٹس کو بند کردینا چاہیے، جہاں دوسروں کی عزت اچھالی جاتی ہے۔
انہوں نے ریما خان کو مینشن کرتے ہوئے انہیں انتہائی اچھی اداکارہ قرار دیا اور ساتھ ہی تمام خواتین کی ہمت افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ خواتین کو یاد رکھنا چاہیے کہ بعض افراد انہیں نیچا دکھانے کے لیے ان پر تنقید بھی کر سکتے ہیں لیکن انہیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
اداکارہ مشی خان نے بھی ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ریما خان سے معافی مانگیں۔
انہوں نے ریما خان کو انتہائی اچھی اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ ان کا ماضی کیا تھا اور ہمیں ماضی کی بات بھی ںہیں کرنی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ناصر ادیب جیسے شخص سے یہ توقع نہیں تھی، انہوں نے شرمناک بات کی، انہیں ریما خان سے معافی مانگنی چاہیے۔
مشی خان کے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ ناصر ادیب کے دعوے سچے تھے یا جھوٹے لیکن انہیں کوئی حق نہیں کہ وہ کسی کی ذاتی زندگی کا ماضی بیان کریں۔