• KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:09pm Maghrib 5:45pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm

ریما سے متعلق غلط بات کہی، ناصر ادیب نے اداکارہ سے معافی مانگ لی

شائع December 14, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کے مقبول فلم ساز ناصر ادیب نے اداکارہ ریما خان سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کہی، انہوں نے تحقیق کیے بغیر اداکارہ کی ماضی کی زندگی پر ٖتبصرہ کیا جو کہ انہیں نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ناصر ادیب نے کچھ دن قبل ایک پوڈکاسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور ہدایت کار یونس ملک کسی فلم کے لیے ہیروئن دیکھنے لاہور کی ہیرا منڈی گئے تھے، جہاں انہیں ریما خان کو بھی دکھایا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیرا منڈی میں انہوں نے ریما خان سمیت متعدد لڑکیوں کو دیکھا لیکن انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا، کیوں کہ انہیں وہ پسند نہیں آئی تھیں۔ ناصر ادیب نے بتایا تھا کہ اگرچہ انہوں نے ریما خان کو کاسٹ نہیں کیا تھا لیکن بعد ازاں وہ فلموں کی سپر اسٹار بنیں۔

ان کے مذکورہ بیان پر شوبز شخصیات نے ناصر ادیب کو آڑے ہاتھوں لیا تھا جب کہ ریما خان نے بھی مبہم انداز میں لکھاری کے بیان پر رد عمل دیا تھا۔

تاہم اب ناصر ادیب نے ریما خان سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اداکارہ سے متعلق غلط بات کی، انہیں ان کی ماضی کی زندگی پر بات کرنے سے قبل تھوڑی سی تحقیق کرنی چاہیے تھی۔

ناصر ادیب نے ’سنو ڈیجیٹل‘ کے ہی پوڈکاسٹ میں دوبارہ شرکت کرکے ریما خان سے معافی مانگی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب ہدایت کار یونس ملک انہیں ہیرا منڈی کا کہ کر لے گئے تھے، دراصل وہ ہیرا منڈی نہیں تھی لیکن انہیں پہلے یہی بتایا گیا تھا کہ وہ ہیرا منڈی جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی مسجد کے سامنے شاہی محلے میں لے جایا گیا تھا، جہاں انہوں نے ریما خان اور ان کی والدہ سے ان کے گھر میں جاکر ملاقات کی تھی۔

ان کے مطابق وہ پہلی بار مذکورہ علاقے میں گئے تھے اور چوں کہ انہیں بتایا گیا تھا کہ انہیں ہیرا منڈی لے جایا جا رہا ہے تو انہوں نے یہی سمجھا کہ اداکارہ سے انہوں نے ہیرا منڈی میں ہی ملاقات کی لیکن درحقیقت وہ ہیرا منڈی نہیں تھی بلکہ اس کے قریب دوسرا علاقہ تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ پہلے کبھی ہیرا منڈی گئے تھے نہ بعد میں کبھی وہاں گئے، اس لیے انہیں علاقے کی پہچان نہیں تھی لیکن پروگرام میں ریما خان سے متعلق بات کہنے کے بعد انہیں ایک پرانے دوست پروڈیوسر نے فون کرکے بتایا کہ انہوں نے ریما خان سے متعلق غلط بات کہی۔

ناصر ادیب کے مطابق جب انہیں بتایا گیا کہ ریما خان سے متعلق انہوں نے غلط بات کہی ہے، تب وہ ڈپریشن میں چلے گئے اور پھر انہوں نے گوگل پر بھی اداکارہ سے متعلق کچھ تحقیق کی۔

فلم لکھاری نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر ریما خان سے معافی مانگی اور کہا کہ انہوں نے خدا کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی اور تحقیق کیے بغیر غلط بات کو آگے بڑھایا، اس لیے وہ شرمسار ہیں، ریما انہیں معاف کردیں۔

ناصر ادیب نے بتایا کہ ریما خان ’قزلباش‘ پشتون خاندان میں پیدا ہوئیں، ان کا اصل نام ثمینہ احمد ہے، وہ چار بہن اور بھائی تھے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ریما خان کو کاسٹ کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن خدا نے انہیں عزت دی اور وہ سپر اسٹار اداکارہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2024
کارٹون : 13 دسمبر 2024