گلوکار طلحہٰ انجم کی ڈیبیو فلم ’کٹر کراچی‘ ریلیز
گلوکار و ریپر طلحہٰ انجم کے میوزک ایلبم ’کٹر کراچی‘ کے نام سے متاثر ہوکر بنائی گئی ان کی پہلی فلم ریلیز کردی گئی۔
’کٹر کراچی‘ میں جہاں طلحہٰ انجم نے ڈیبیو کیا ہے، وہیں وہ پہلی بار عمران اشرف اور کنزیٰ ہاشمی جیسی اداکاراؤں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔
’کٹر کراچی‘ کا پریمیئر 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی شب ہوا، جس کے بعد فلموں کو سینماؤں کی زینت بنا دیا گیا۔
’کٹر کراچی‘ کا دورانیہ عام فیچر فلموں سے کم رکھا گیا ہے جب کہ فلم کے ذریعے سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جرائم پیشہ عناصر سمیت شہر پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے گروہوں کی بھی دلچسپ انداز میں عکاسی کی گئی ہے۔
فلم کا ٹریلر کچھ دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا، فلم کو کرسمس اور تعلیمی اداروں کی سردیوں کی چھٹیوں کے موقع پر ریلیز کیا گیا ہے، جس وجہ سے امکان ہے کہ فلم اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔
فلم کی کہانی بلال لطیف نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات عبدالولی بلوچ نے دی ہیں۔ فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے اس کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو خوب ایکشن اور تھرلر دیکھنے کو ملے گا۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ ’کٹر کراچی‘ کی کہانی شہر پر حکمرانی کے خواب دیکھنے والے مختلف جرائم پیشہ عناصر اور گروہوں کے درمیان جنگ کے گرد گھومتی ہے۔