• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ٹی وی میزبان مزمل شاہ ماہرہ خان سے متعلق اپنے بیان سے مکر گئے

شائع December 21, 2024 اپ ڈیٹ December 23, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ڈیجیٹل میڈیا اسٹار اور ٹی وی میزبان سید مزمل شاہ اداکارہ ماہرہ خان سے متعلق دیے گئے اپنے بیان سے مکر گئے۔

سید مزمل شاہ نے کچھ دن قبل نیو ٹی وی کے شو ’زبردست‘ میں مختلف اداکاراؤں کے اداکاری کے تجربے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے باقی اداکاراؤں کے مقابلے میں ماہرہ خان کو کم تجربہ کار قرار دیا تھا۔

مزمل شاہ نے اداکاری کے تجربے کے حوالے سے ماہرہ خان کو آخری یعنی چوتھے نمبر پر رکھا تھا جب کہ مہوش حیات کو تیسرے نمبر، عالیہ بھٹ کو دوسرے اور مادھوری ڈکشٹ کو پہلے نمبر پر رکھا تھا۔

ٹی وی میزبان نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو اداکاری کے حوالے سے زیادہ فالو نہیں کیا، تاہم اداکارہ کے حوالے سے جو عوام میں عام تاثر پایا جاتا ہے، وہ اس سے اتفاق نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان اداکاری میں زیادہ تجربہ کار نہیں، انہوں نے ان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھی دیکھی لیکن انہیں ان کی اداکاری سمجھ نہیں آئی۔

لیکن اب انہوں نے اپنے مذکورہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماہرہ خان کے حوالے سے ایسا سوچ بھی نہیں سکتے۔

سید مزمل شاہ نے اپنے بیان سے متعلق سوشل میڈیا پیج کے اسکرین شاٹ کو انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پیجز کلک بیٹ کے لیے ان کےبیان کو غلط رنگ دے رہے ہیں۔

ٹی وی میزبان نے ماہرہ خان کو مینشن کرتے ہوئے ان سے التجا بھی کی کہ وہ سوشل میڈیا پیجز کے کلک بیٹ پر یقین نہ کریں۔

سید مزمل شاہ نے اداکارہ کو مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ وہ ماہرہ خان سے متعلق ایسا سوچ بھی نہیں سکتے۔

دلچسپ بات یہ کہ ان کے بیان پر ماہرہ خان نے کوئی رد عمل نہیں دیا تھا، تاہم ٹی وی میزبان خود ہی اپنی بات سے مکر گئے اور وضاحت جاری کردی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024