سال نو کے موقع پر چاہت فتح علی خان نے ’بدو بدی‘ کا بولڈ ورژن جاری کردیا
کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان نے سال 2024 کے اختتام اور نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے مقبول گانے ’بدو بدی‘ کا نیا ریمیکس ورژن جاری کردیا۔
چاہت فتح علی خان نے یوٹیوب پر ’بدو بدی 2‘ کے نام سے نئے گانے کو جاری کیا، جس میں انہیں انتہائی بولڈ لباس میں رقص کرتی ماڈل کے ساتھ بھی دیکھا گیا۔
گانے کی ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کی جانب سے امریکا اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں کیے گئے میوزیکل شوز کی جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔
گانے کی ویڈیو میں جہاں چاہت فتح علی خان کو نیم عریاں لباس میں رقص کرتی ماڈل کے ساتھ دکھایا گیا ہے، وہیں ان کے ساتھ مختلف شوز کے دوران اسٹیج پر آکر رقص کرنے والی خواتین کی ویڈیو جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔
گانے کی ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کے ساتھ مختلف شوز کے دوران سیلفیاں اور ویڈیوز بنوانے والی خواتین کی جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔
گانے کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا، جسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے مداحوں نے کامیڈین گلوکار کی تعریفیں بھی کیں۔
جہاں بعض لوگوں نے انہیں بولڈ ماڈلز کے ساتھ گانے کی ویڈیو جاری کرنے پر ان کی تعریفیں کیں، وہیں زیادہ تر افراد نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان پر عریانی پھیلانے کا الزام بھی عائد کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے گانے بنانا چھوڑ دیں۔
خیال رہے کہ چاہت فتح علی خان نے پہلی بار 2024 میں عید کے موقع پر ’بدو بدی‘ گانا جاری کیا تھا، جسے بعد ازاں یوٹیوب نے کاپی رائٹس کے تحت ڈیلیٹ کردیا تھا، مذکورہ گانے کو چند ہی دنوں میں 25 کروڑ بار دیکھا گیا تھا۔
بعد ازاں چاہت فتح علی خان نے ’بدو بدی 2‘ کو ریلیز کیا تھا اور اب انہوں نے سال نو کے موقع پر ’بدو بدی‘ کا نیا ریمیکس ورژن بھی جاری کردیا۔