ڈیرہ اسمٰعیل خان: سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 4 اہلکار زخمی

شائع December 30, 2024
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ڈیرہ ٹانک روڈ پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چوکی پر خودکش حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک گاڑی میں سوار خودکش بمبار نے تحصیل کلاچی میں کنوری پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔

ذرائع نے بتایا کہ خودکش بمبار کے پیچھے مسلح افراد ایک رکشے میں آرہے تھے جنہوں نے سیکیورٹی پوسٹ پر فائرنگ بھی کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکش بمبار کی جانب سے استعمال کی جانے والی گاڑی بنیادی طور پر خیبر پختونخوا حکومت کے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 10 دسمبر کو سرکاری گاڑی چھینی تھی۔

دوسری جانب حملے کے فوری بعد ہتھلہ، کلاچی، ڈیرہ اسمٰعیل خان اور ٹانک سے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔

زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کر دیا گیا جب کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کیا۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025