میک اپ سرجریز کرانے کی وجہ سے ہر کوئی ایک جیسا دکھنے لگا ہے، نیلم منیر

شائع December 30, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ نیلم منیر نے کہا ہے کہ آج کل کے دور میں خوبصورتی بڑھانے یا بڑھاپا چھپانے کے لیے خواتین کی جانب سے میک اپ سرجریز کرانے کی وجہ سے ہر کوئی ایک جیسا دکھنے لگا ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے فٹنیس اور خوبصورتی سمیت دیگر مسائل پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ دراصل خوبصورتی بڑھانے اور بڑھاپے کو چھپانے کے لیے میک اپ سرجریز کروانا شوق کا کام ہے اور مذکورہ کام وہی کرواتے ہیں جنہیں شوق ہوتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی کے چہرے میں جھریاں ہو رہی ہیں یا کچھ لائنیں نظر آنے لگتی ہیں تو ان سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ قدرتی عمل ہے، جسے قبول کیا جانا چاہیے۔

نیلم منیر کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے تو عمر بڑھنے سے ہی خوبصورتی آتی ہے، انسان کی عمر جیسے جیسے بڑھتی ہے، اس کی شخصیت میں نکھار آتا ہے، وہ پیارا لگنے لگتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق عمر بڑھنے سے کسی کو خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے اور بڑھاپے کو چھپانے کے لیے چہرے پر زیادہ کام نہیں کروانا چاہیے، یہ قدرتی عمل ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات سے کسی کو پریشان نہیں ہونا چاہیے کہ اس کے چہرے پر لائنیں نظر آنا شروع ہوگئیں، انسان عمر بڑھنے سے پیارا اور جاذب نظر دکھنے لگتا ہے۔

نیلم منیر کے مطابق عمر بڑھنے کے بعد ہی انسان کی اپنی اصل پہچان سامنے آتی ہے، وہ باقیوں سے مختلف نظر آنے لگتا ہے۔

اسی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل تو ایسا ہوگیا ہے کہ ہر کسی نے چہروں پر اتنا کام کروایا ہے کہ تمام لوگ ایک جیسے نظر آنے لگے ہیں۔

ان کے مطابق چہرے پر میک اپ سرجریز کروانے کا کام شوقیہ ہوتا ہے اور وہی لوگ یہ کام کرواتے ہیں جو شوقین ہوتے ہیں، وہ عمر کی تفریق کیے بغیر کسی بھی وقت چہروں پر کام کرواتے رہتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025