لباس پر تنقید کے بعد سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا، یشما گل
سوشل میڈیا پر متحرک اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں لباس پر ٹرولنگ اور تنقید کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
یشما گل نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر لباس پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں لباس کی وجہ سے خوب ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا، ان پر اس قدر تنقید کی گئی کہ انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرکے سوشل میڈیا چھوڑنے کا ہی فیصلہ کرلیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ نئی نئی آسٹریلیا سے پاکستان آئی تھی اور ان کے پاس بیرون ملک میں خریدے گئے کپڑے ہی تھی جنہیں وہ اکثر پہنا کرتی تھیں۔
ان کے مطابق کیریئر کے آغاز میں ایک کمپنی ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو سنبھالتی تھی، اسی کمپنی کے لوگوں نے انہیں ایک فلم کے پریمیئر میں شرکت کرنے کا کہا اور وہ عام لباس میں ہی چلی گئیں۔
یشما گل نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کو بتایا کہ وہ عام جینز اور پینٹ کے لباس میں ہیں، اس پر ٹیم نے انہیں بتایا کہ کوئی بات نہیں، اسی لباس میں آجائیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ’رپڈ جینز‘ پہن رکھی تھی اور وہ اسی میں پریمیئر کے ریڈ کارپٹ میں شرکت کے لیے چلی گئیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اس وقت تک فلم پریمیئرز اور ریڈ کارپٹس کا بھی پتا نہیں ہوتا تھا کہ وہ کیا ہوتے ہیں؟
یشما گل نے بتایا کہ پریمیئر کے دوران ایک فوٹوگرافر نے ان کی تصویر اس انداز میں کھینچی کہ ایسا لگا کہ شاید انہوں نے انتہائی مختصر لباس پہن رکھا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فوٹوگرافر نے تصویر کھینچنے کے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کردی اور پھر مذکورہ تصویر کو دوسرے بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز نے بھی شیئر کیا اور پورے سوشل میڈیا پر آگ لگ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اپنے مینیجرز نے فون کرکے بتایا کہ ان کی تصاویر پر لوگ بہت ہی نفرت انگیز کمنٹس کر رہے ہیں، اس لیے انہیں ریڈ کارپٹ اور پریمیئر سے نکل جانا چاہیے۔
یشما گل نے کہا کہ انہوں نے اپنے مینیجرز کو کہا کہ وہ بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز سے مذکورہ تصویر ڈیلیٹ کرنے کی درخواست کریں لیکن ان کے مینیجرز نے بھی معذرت کرلی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان پر اس قدر ٹرولنگ کی گئی کہ انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرکے سوشل میڈیا کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔
یشما گل کے مطابق لیکن مذکورہ تصاویر اور لباس پر جہاں انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، وہیں انہیں فائدہ بھی ہوا، ان کے فالوورز ایک دم سے بڑھ گئے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت تک انسٹاگرام پر ان کے صرف ایک لاکھ فالوورز تھے لیکن مذکورہ تصویر وائرل ہونے کے بعد ان کے ہر پانچ منٹ میں دو لاکھ فالورز بڑھے۔
اداکارہ کے مطابق تصاویر وائرل ہونے کے بعد ان پر یہ بھی الزام لگایا گیا کہ انہوں نے شہرت کی خاطر خود ہی ایسا لباس پہن کر ایسی تصاویر کچھوائیں لیکن درحقیقت ایسا نہیں تھا۔
خیال رہے کہ یشما گل نے 2018 کی فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے پریمیئر میں بولڈ جینز اور پینٹ پہن کر شرکت کی اور ان کی تصاویر وائرل ہوگئی تھیں۔