میرا نے فون کرکے بتایا ان کی شادی ہوچکی، پھر کہا میرے لیے لڑکا تلاش کرو، علی حیدر
گلوکار، موسیقار و اداکار علی حیدر نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ایک بار مقبول اداکارہ میرا نے انہیں فون کرکے بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی، پھر کچھ عرصے بعد دوبارہ اداکارہ نے فون کرکے شادی کے لیے لڑکا تلاش کرنے کا کہا۔
علی حیدر حال ہی میں ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وہ سجاد علی اور فاخر سمیت دوسرے گلوکاروں کے ساتھ امریکا کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی کنسرٹ کر چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایک بار پھر سندھ میں سندھ صوفی فیسٹیول میں ان کی جانب سے صوفیانہ کلام پیش کرنے کے بعد عابدہ پروین نے انہیں فون کرکے ان کی تعریفیں کیں۔
علی حیدر کا کہنا تھا کہ عابدہ پروین کا فون آنے اور ان کی جانب سے بات کرنے پر وہ تقریبا بے ہوش ہونے والے تھے، ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے علی حیدر نے انکشاف کیا کہ ماضی میں میرا کے ساتھ 2002 میں ’چلو عشق لڑائیں‘ فلم میں کام کرنے کے دوران انہیں دھمکیاں بھی ملیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ دبئی میں تھی، جہاں انہیں آئے دن خطوط ملتے، جن میں انہیں میرا سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی، یہ تک کہا جاتا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ فلم ہی نہ کریں۔
ان کے مطابق خطوط بھیجنے والے افراد میرا کے بڑے مداح تھے، جنہیں برا لگا کہ اداکارہ علی حیدر کے ساتھ کام کر رہی تھیں۔
گلوکار نے بتایا کہ فلم میں کام کرنے کے بعد ان کی میرا سے دوستی بھی ہوگئی اور بعد ازاں دونوں نے متعدد اشتہارات سمیت دوسرے منصوبوں میں بھی ایک ساتھ کام کیا۔
علی حیدر نے انکشاف کیا کہ دوستی ہوجانے کے بعد ایک بار میرا نے انہیں فون کرکے خوشی سے بتایا کہ ان کی شادی ہوگئی ہے۔
علی حیدر کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے بعد اداکارہ نے انہیں پھر فون کیا اور افسردگی سے کہا کہ علی حیدر تم نے بھی شادی کرلی، تمہارے بچے بھی ہوگئے، کیا تمہیں یہ احساس نہیں ہوتا کہ تمہاری دوست کے بھی بچے ہوں۔
گلوکار کے مطابق اداکارہ نے انہیں کہا کہ کیا وہ اپنے کسی دوست کو یہ نہیں کہ سکتے کہ وہ اداکارہ کو اپنا لیں؟
علی حیدر نے بتایا کہ انہوں نے میرا کو دلاسا دیا کہ وہ کوشش کرکے دیکھیں گے۔